19 جولائی کو ملک بھر میں یوم الحاق کشمیر منایا جائے گا۔ ترجمان وزیر اعظم ہاوس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 جولائی 2016 13:38

19 جولائی کو ملک بھر میں یوم الحاق کشمیر منایا جائے گا۔ ترجمان وزیر اعظم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جولائی 2016ء): بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف وزیر اعظم نواز شریف نے آئندہ ہفتے یوم سیاہ منانے کا اعلان کیاتھا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ منانے کا فیصلہ گذشتہ روز لاہور میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پنجاب میں ہوئے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق آئندہ ہفتے 19 جولائی کو ملک بھر میں یوم الحاق کشمیر منایا جائے گا جس کے بعد 20 جولائی کو ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا۔ترجمان کے مطابق یوم سیاہ منانے کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔اس سے قبل 19 جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن 19 جولائی کو بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام یوم الحاق پاکستان مناتے ہیں لہٰذا یوم سیاہ کی تاریخ کے اعلان میں ترمیم کر کے 20 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ روز کے اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے عزم کا اظہار کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے معاملے کو اقوام متحدہ اور عالمی فورم پر اُٹھایا جائے گا۔ جبکہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام کشمیریوں کی اخلاقی مدد بھی جاری رکھیں گے۔