Live Updates

صوبائی حکومت کی اولین ترجیح غریب عوام کی حالت زندگی بہتر بنانا ہے،پرویز خٹک

حکومت اپنے تمام وسائل غریب عوام کی بہتری پر خرچ کرے گی،اٹھارہ لاکھ غریب خاندانوں کواس سال ہیلتھ انشورنس اسکیم میں ڈالا جارہا ہے آئندہ ماہ سے ہیلتھ کارڈ جاری ہونا شروع ہوں گے اپوزیشن صوبائی حکومت کے خلاف غلط پروپیگنڈہ مہم چلا کر خود کوسیاست میں ناکام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، 2018 کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے کارکن اور غیور عوام اپنے ووٹ کے ذریعے عمران خان کا ساتھ دیں، عمران خان ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتے ہیں ،کھلی کچہری سے خطاب

ہفتہ 16 جولائی 2016 22:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ غریب کارکن اور نوجوان پی ٹی آئی کا عظیم سرمایہ ہیں۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح غریب عوام کی حالت زندگی بہتر بنانا ہے اور نوجوانوں کو روزگار دلانا ہے۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اپنے تمام وسائل غریب عوام کی بہتری پر خرچ کرے گی۔

اٹھارہ لاکھ غریب خاندانوں کواس سال ہیلتھ انشورنس اسکیم میں ڈالا جارہا ہے آئندہ ماہ سے ہیلتھ کارڈ جاری ہونا شروع ہوں گے جس کے تحت ہر غریب خاندان کادو لاکھ روپے تک کاعلاج مفت ہوگا۔ ماضی میں غریبوں کا استحصال کرنے والی اپوزیشن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے خلاف غلط پروپیگنڈہ مہم چلا کر خود کوسیاست میں ناکام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

2018 کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے کارکن اور غیور عوام اپنے ووٹ کے ذریعے عمران خان کا ساتھ دیں اور عمران خان ہی اس ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتے ہیں ۔ وہ زیارت کاکاصاحب کے دور دراز پسماندہ علاقے سرور خیل (سوار خیل )میں پسماندہ علاقوں مینائی ، پتیاؤ اور سرور خیل کے عوام کی کھلی کچہری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک،ملک ابرار، ذوالفقار خٹک ، احد خٹک، عبداللہ جان بابو سمیت سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔

شکیل زادہ نے سپاسنامہ پیش کیا اور علاقے کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ اس علاقے میں وزیر اعلیٰ تشریف لائے اور انتہائی خطرناک راستے پر سفر کرکے یہاں آئے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میرٹ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ماضی کی حکومتوں نے ہمیشہ غریب عوام کا استحصال کیا اور تمام وسائل الیٹ کلاس کے لیے مختص کیے جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت صوبے کے تمام وسائل غریب عوام پر خرچ کررہی ہے اور صوبے میں ایسے اقدامات اٹھارہی جس کا زیادہ فائدہ غریب عوام کو ہوگا۔

نظام کی تبدیلی پر من وعن عمل جاری ہے۔ پولیس، محکمہ تعلیم اور صحت سمیت تمام محکموں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کردیا اور اب تمام فیصلے میرٹ پر ہورہے ہیں۔ا ختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کردئیے ہیں ،بلدیاتی نظام کو بیورو کریسی کے سرخ فیتے سے نکال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ترقیاتی بجٹ کا اسی فیصد ممبران صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے یکساں طو ر خرچ کرسکیں گے ۔

بلدیاتی اداروں کوپہلی قسط سات ارب روپے جاری کردی ہے اور ہر تین ماہ دوسرا کوارٹر جاری ہوگا۔ انہوں نے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو فنی تعلیم دینے کے لیے منظم اور مربوط پروگرام شروع کردیا۔ حطار میں ایک ہزار پلاٹ صنعتی بستی کے لیے فروخت ہوچکے ہیں جلوزئی میں بہت جلد نئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں کارخانوں کے لیے پلاٹس کی فروخت کاکام شرو ع ہوگا ،کارخانہ داروں کوون ونڈ و آپریشن کے تحت سہولیات دی جائیں ۔

نوجوانوں کو تربیت دینے کاپروگرام کردیا تاکہ کارخانوں کوہنر مند افراد فراہم ہو سرکاری ملازمتیں صوبے میں بے روزگاری میں کمی نہیں لاسکتی۔ اس سلسلے میں پاکستان ائیر فورس اوردیگر اداروں کے ساتھ ملکر نوجوانوں کی تربیت کاکام شروع کردیا تاکہ نوجوانوں کوفنی تعلیم سے آراستہ کرکے نہ صر ف پاکستان بلکہ بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اس ضمن میں چائنا اکنامکس زون سمیت صوبے میں دیگر صنعتی بستیوں کوسکلڈ لیبر فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری روزگار اتنی تعداد میں فراہم نہیں کرسکتی صوبائی حکومت نے تمام سرکاری ملازمتیں میرٹ اور این ٹی ایس کے ذریعے کردئی ہیں تاکہ قابل نوجوانوں کو ان کوحق ملے ماضی میں نااہل لوگوں کو ملازمیتں دی گئی جس کا خمیازہ اب صوبائی حکومت بھگت رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ اب تک سکولوں میں چوبیس ہزار اساتذہ بھرتی کیے ہیں اس سال مزید سولہ ہزار اساتذہ بھرتی ہوں گے۔

اور صوبائی حکومت چالیس بچوں پر ایک استاد کے فار مولے کو یقینی بنائے گی۔ انھوں نے کہا تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر کو ہدایت کی گئی ہے وہ تمام سکولوں میں چالیس طلباء پر ایک استاد کے فارمولے کو یقینی بنائیں انھوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس سٹاف کی کمی پوری کی جارہی ہے ۔ تمام بڑے ہسپتالوں کو خود مختار بورڈ سے منسلک کردیا۔

تاکہ غریب عوام کا صحت کی سہولیات فراہم ہو سکے۔ صوبے میں زراعت کو منظم کرنے پر کام شرو ع ہوچکااور زمینداروں کو سولر ٹیوب ویل فراہم کیے جارہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں یکساں ترقیاتی پروگرام پر کام جاری ہے۔ اور صوبے کے 125 ارب روپے ترقیاتی فنڈ کی تقسیم میرٹ پر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ جتنا ارکان صوبائی اسمبلی خرچ کریں اتنا فنڈ بلدیاتی نمائند ے بھی خرچ کریں اب تک کسی سے کوئی کٹوتی نہیں ہوئی۔

اگر کٹوتی ہو گی تو ایم پی ایز اور بلدیاتی نمائندوں سے دونوں یکساں سے ہوگی اورکٹوتی کا فیصلہ مارچ میں ہوگا کہ کتنا فنڈ ہما رے پاس باقی ہے تاہم اسی فیصد ترقیاتی بجٹ سب خرچ کریں گے۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ہماری صوبائی حکومت کے خلاف کہنے کو کچھ نہیں کبھی کہتے ہیں کہ صوبائی حکومت ناکام ہوچکی ہے اور کبھی مخالفت برائے مخالفت کرتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہیں اوران کوصاف آئینہ نظر آرہا کہ ٓائندہ بھی ان کاکوئی مستقبل نہیں۔

کیونکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے کرپشن میں کمی لائی اور کمیشن کے تمام راستے بند کردیئے ہیں اب تقرریوں اور تبادلوں کومیرٹ پر کیا جارہا ہے پٹوارکے نظام کوکمپیوٹرائزڈ کرنے پر کام شروع ہوچکا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہرمحکمے میں غریب عوام کی عزت نفس بحال کروائیں گے یہی حقیقی تبدیلی ہے اوراسی سے اپویشن خائف ہے ۔ ماضی میں گڈ گورنس کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا۔

صرف اپنوں کو نواز ا گیا۔چوہدری ،وڈیرے سیاست دان اور الیٹ کلاس اپنے مسائل خود حل کرسکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے غریب عوام کے سر پر ہاتھ رکھا ہے انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ عوام خود اپنے حقوق پہچانیں۔ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا عوام ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں۔ عوام کے پیسے عوام پر ہی خرچ ہوں گے۔

انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں بھی عوام تبدیلی کے سفر کو جاری رکھیں گے اور تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور یہی وجہ ہے کہ صوبے کے کونے کونے سے لوگوں کی دعوتیں موصول ہورہی ہیں اور لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں اورعمران خان ہی اس ملک کے آنے والے وزیر اعظم ہیں۔ مسلم لیگ سمیت تمام پارٹیوں کے لیڈروں کی دوڑیں لگ گئیں آنے والا دور بھی پی ٹی آئی کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور وفاق سے صوبے کی ایک ایک پائی وصول کریں گے ۔ انہوں نے وفاقی حکومت کویاد دلایاکہ جن میگا پراجیکٹ کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا اس پر فوری کام شروع کیا۔ دہشت گردی سے متاثرہ خیبرپختونخوا کے عوام کا مزید استحصال نہ کریں۔ انہوں نے مینائی اور سرور خیل کے دو پرائمری سکولوں کومڈل کا درجہ دینے، گرلز سکول قائم کرنے اورتینوں سکولوں کوسولرسسٹم سے بجلی فراہم کرنے اور حفاظتی بند تعمیر کرنے کا اعلان کیا جبکہ کاکاصاحب اور دیگر علاقوں کوملانے کے لیے رابطہ سڑکوں کا اعلان بھی کیا۔

بعدازاں حکیم آباد میں جنرل کونسلر اسرار گل، اور شکیل خان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ان کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائی اور ان کاپارٹی میں خیر مقدم کیا۔انہوں نے عوامی شکایت سنیں اور ان کو حل کرنے کے لئے احکامات جاری کیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات