امریکا کے صدارتی انتخابات:ڈونلڈٹرمپ کی اہلیہ پر مشیل اوباما کی تقریرچرانے کا الزام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 جولائی 2016 15:47

امریکا کے صدارتی انتخابات:ڈونلڈٹرمپ کی اہلیہ پر مشیل اوباما کی تقریرچرانے ..

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19جولائی۔2016ء) امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے قومی کنونشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا پر صدر اوباما کی اہلیہ مشیل اوباما کی تقریر کے چربے کا الزام لگایا گیا ہے۔مبصرین نے میلانیا کی تقریر میں صدر اوباما کی اہلیہ کی 2008 کی تقریر سے مماثلت پائی۔ٹرمپ کی اہلیہ نے اپنی تقریر میں اپنے شوہر کو رحم دل انسان کے طور پر بیان کیا اور کہا کہ وہ ملک کے لیے لڑیں گے۔

یہ ٹرمپ کے صدارتی امیدواری کی مہم کی ان کی پہلی تقریر تھی جس کے تیار کرنے میں تقریر لکھنے والی ٹیم کی مدد لی گئی تھی۔تقریر کے ایک حصے میں مسز ٹرمپ نے کہامیرے والدین نے مجھے یہ اقدار سکھائے کہ آپ زندگی میں جو چاہتے ہیں اس کے لیے کڑی محنت کریں کہ آپ کے الفاظ آپ کے وعدے ہیں، آپ جو کہیں وہ کریں اور اپنے وعدے پورے کریں، کہ لوگوں کے ساتھ عزت سے پیش آئیں۔

(جاری ہے)

2008 میں مشیل اوباما نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ براک اور مجھے بہت سے مشترکہ اقدار کے ساتھ بڑا کیا گیا کہ آپ جو زندگی میں چاہتے ہیں اس کے لیے کڑی محنت کریں کہ آپ کے الفاظ آپ کے وعدے ہیں، آپ جو کہیں وہ کریں، کہ لوگوں کے ساتھ عزت و وقار سے پیش آئیں اگر چہ آپ انھیں نہ جانتے ہوں اور اگر چہ آپ ان سے اتفاق نہ رکھتے ہوں۔مسز ٹرمپ کی تقریرکا حصہ”میرے والدین نے روازنہ کی زندگی میں اخلاق و اطوار کا اظہار سکھایا۔

یہ سبق ہم اپنے بچوں میں منتقل کر رہے ہیں۔ اور ہمیں ان اسباق کو آنے والی کئی نسلوں تک پہنچانا ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے یہ جان لیں کہ اس ملک میں آپ کی کامیابیوں کی حد آپ کے خواب دیکھنے کی قوت اور ان کے حصول کے لیے محنت کرنے کی آپ کی خواہش پر منحصر ہے۔مسز اوباما نے کہا تھا اور براک اوباما اور ہم ان اقدار پر اپنی زندگی کو سنوارنے اور اسے آنے والی نسلوں تک پہنچانے کی راہ پر نکل پڑے کیونکہ ہم چاہتے ہیں ہمارے بچے اور اس ملک کے سارے بچے یہ جان لیں آپ کی کامیابیوں کی حد صرف آپ کے خواب دیکھنے کی قوت اور ان کے حصول کے لیے محنت کرنے کی آپ کی خواہش پر منحصر ہے۔

مسٹر ٹرمپ کے کمیونیکیشن مشیر جیسن ملر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ان کی خوبصورت تقریر لکھنے میں میلانیا کی ٹیم نے ان کی زندگی کو تحریک دینے والی چیزوں کا نوٹ لیا اور بعض جگہ ان چیزوں کا شامل کیا جو ان کے افکارو خیالات کی ترجمانی کرتے ہوں۔انھوں نے مزید کہا کہ میلانیا کا نقل مکانی کا تجربہ اور امریکہ کے ساتھ محبت کا اظہار تقریر میں ہوتا ہے اور اسی وجہ سے یہ تقریر اتنی کامیاب رہی۔

میلانیا ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ اور آپ کے ملک کے لیے لڑے، تو میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔امریکہ میں ریپبلکن قومی کنونشن میں منگل کو بھی تقاریر کا سلسلہ جاری رہا جس میں معیشت پر توجہ مرکوز رہی۔ ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں جاری کنونشن میں خطاب کرنے والوں میں ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال رائن اور سابق صدارتی امیدوار کرس کرسٹی بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :