سٹیئرنگ کمیٹی برائے یوم پاکستان تقریبات کا چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت اجلاس

یوم آزادی پرپوسٹر کمپیٹیشن اور وال پینٹنگز کے مقابلے کرائے جائیں گے،تمام ایونٹس کے موضوعات عدم انتہا پسندی، امید اور ترقی ہوں گے سکولوں، کالجوں کے طلباء محکمہ جنگلات کے تعاون سے پلانٹیشن ڈے منائیں گے بچے اپنے ناموں سے اپنے اداروں میں پودے لگائیں گے‘صوبائی وزیر تعلیم

منگل 19 جولائی 2016 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جولائی ۔2016ء ) جشن آزادی کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے پنجاب حکومت کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا- جس میں محکمہ اطلاعات، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، آرکائیوز، سپورٹس ،کلچراور پی ایچ اے کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانا ارشد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ اس سال یوم آزادی پر وزیر اعلی کی ہدایت کے مطابق شاندار ثقافتی اور تفریحی پروگراموں کے علاوہ آزادی کے 69سال پورے ہونے پر قوم کو دعوت فکر بھی دی جائے گی کہ وہ یہ سوچیں کہ ہم نے آزادی کے بعد کے عرصہ میں کیا کھویا کیا پایا۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے تمام شہروں بالخصوص یونیورسٹیوں میں قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد اور ملکی مسائل کے حوالے سے فکری نشستیں بھی ہوں گی۔تمام سرکاری و غیر سرکاری یونیورسٹیوں کی شراکت سے یوم پاکستان کے حوالے سے مرکزی سیمینار ایوانِ اقبال میں منعقد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پرپوسٹر کمپیٹیشن اور وال پینٹنگز کے مقابلے کرائے جائیں گے۔

ان تمام ایونٹس کے موضوعات عدم انتہا پسندی، امید اور ترقی ہوں گے نیز تحریک پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام تقریری مقابلوں میں تحریک پاکستان کے بزرگوں اور نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو مہمان خصوصی بنایا جائے گا۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ سکولوں، کالجوں کے طلباء محکمہ جنگلات کے تعاون سے پلانٹیشن ڈے منائیں گے بچے اپنے ناموں سے اپنے اداروں میں پودے لگائیں گے۔

اس موقع پر دوسرے صوبوں کے ہائی اچیورز طلباء کو یوم پاکستان پر لاہور کی تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔یوم پاکستان پر حضوری باغ میں خصوصی تقریب ہو گی۔ پی ایچ اے مینار پاکستان سمیت پانچ مقامات پر فائر ورکس کرائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب آرٹس کونسل گرینڈ میوزیکل، لینڈ سکیپ آف پاکستان اور ملی نغموں کے پروگرام منعقد کرے گی۔علاوہ ازیں چترالی فنکار الحمرا میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

پنجاب بھر میں موجود کل 9آرٹس کونسلز اپنے اپنے شہروں میں واکس بھی منعقد کرائیں گی۔ یوم آزادی کے موقع پر پنجاب سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ضلع اور صوبائی سطح پر 18 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے گا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ یوم آزادی کے حوالے سے باغ جناح میں کتابوں کی نمائش منعقد ہو گی اور تعلیمی ادارے آزادی واکس منعقد کریں گے۔اجلاس میں یوم آزادی پر خصوصی ٹریفک پلان اور ون ون ٹوٹو کے اہم کردار کا بھی تعین کیا گیا۔

رانامشہود نے ہدایت کی کہ یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے صوبائی حکومت کے محکمے وفاقی حکومت کے اداروں سے بھرپور رابطے اور تعاون کے زریعے مشترکہ پروگرامز ترتیب دیں تاکہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان تال میل سے یوم آزادی کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منایا جاسکے۔