نوجوان نسل ملک کا اہم ترین اثاثہ ہے،بلوچستان میں تعلیمی ترقی کے شعبے میں نمایاں پیشرفت حوصلہ افزاء ہے،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

منگل 19 جولائی 2016 23:05

کوئٹہ۔19جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 جولائی ۔2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں نوجوان نسل ملک کی افرادی قوت کے حوالے سے اہم ترین اثاثہ ہے اور اس کی درست تعلیم وتربیت کے بغیر ملک و قوم کا مستقبل تاریک ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں میں تعلیمی شعبے پر سنجیدہ توجہ دی گئی ہے اور خاص طور سے بلوچستان میں تعلیمی ترقی کے شعبے میں نمایاں پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے جو حوصلہ افزاء ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج بروز منگل بلوچستان کے دورے پر آئے ہوئے صوبہ پنجاب کی مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

طالعلموں کے اس دورے کا اہتمام محکمہ امور نوجوانان نے ایک غیر سرکاری تنظیم ڈیووٹ کے تعاون سے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر نے پنجاب یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات کو بلوچستان کے بارے میں گئے مختلف سوالات کے جواب دئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پسماندگی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہمیں بہت دیر سے صوبہ کا درجہ ملا اور ہم نے اپنے ترقیاتی سفر کا آغاز بہت تاخیر سے کیا تاہم موجودہ حکومت نے صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے متعدد ٹھوس اقدمات کئے ہیں جس کے نتائج بتدریج نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تعداد میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور نئی نسل کو خاص طور سے جدید اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے اس امر پر خاص طور سے مسرت کا اظہار کیا کہ آج کوئٹہ میں ایک خواتین یونیورسٹی موجود ہے جبکہ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ میں پندرہ ہزار کی تعداد میں طالبات تعلیم کے زیور سے آرستہ ہورہی ہیں انہوں نے دونوں صوبوں کے طلباء و طالبات کے ایک دوسرے کے صوبے میں دورے کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک جانب معلومات کے تبادلے میں مدد ملتی ہے اور دوسری طرف قومی یک جہتی کو مستحکم بنانے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے دورے کے منتظمین سے کہا کہ پنجاب سے آئے ہوئے طلباء و طالبات کو بذریعہ ٹرین چمن لے جائیں تاکہ انہیں براعظم ایشیاء میں سب سے لمبی سرنگ دیکھنے کا موقع ملے۔ گورنر نے توقع ظاہر کی کہ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور یک جہتی کو فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کے ایسے دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر پنجاب کی صوبائی وزیر تعلیم بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران ، صوبائی وزیر کھیل و ثقافت میر مجیب الرحمن محمد حسنی ، صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی پروفیر ڈاکٹر جاوید اقبال اے سی ایس داؤد بڑیچ ، سیکرٹری امور نوجوانان ڈاکٹر شعیب گولہ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالجبار بھی موجود تھے۔

آخر میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیاگیا اور گورنر بلوچستان نے مہمانوں کے اعزا زمیں ظہرانہ کا اہتمام کیا۔

متعلقہ عنوان :