وزیر اعلیٰ سندھ کا صوبائی وزرا ء کے ہمراہ ضلع گھوٹکی میں قادرپور شینک بند کا دورہ

منگل 19 جولائی 2016 23:14

سکھر۔ 19جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے منگل کے روز ضلع گھوٹکی میں قادرپور شینک بند کا دورہ کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال، صوبائی وزیر برائے زراعت سردار علی نواز خان مہر اور صوبائی وزیر برائے خوراک سید ناصرحسین شاہ بھی تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ قادرپور شینک بند کی صورتحال اچانک تشویشناک ہوگئی ہے کیوں کہ دریاجہاں چاہیے اپنا رخ تبدیل کر سکتا ہے اس کے باوجود حفاظتی بند پر مرمتی کام تسلی بخش ہو رہا ہے جس کی 24 گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ وفاق نے صرف رواں سال فنڈز فراہم کیے جب کہ حکومت سندھ گذشتہ کئی سالوں سے حفاظتی بندوں پر کروڑوں روپے خرچ کر چکی ہے اور کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قادرپور شینک بند کو مستقل بنیادوں پر مضبوط بنانے کی کوشش کی جارہی ہے انشاء اللہ حفاظتی بند محفوظ رہے گا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف سوالات کے جوابات میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جائے گی سزا وجزا کے عمل پر عمل کر رہے ہیں جس کے بہتر نتائچ مل رہے ہیں انہوں نے آبپاشی اہلکاروں کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ دودن بعد دوبارہ قادرپور شینک بند کا جائزہ لیں گے اس لیے حفاظتی بند کو جنگی بنیادوں پر مضبوط بنایا جائے ۔

قبل ازیں سیکریٹری آبپاشی سید ظہیر حیدر شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ دریاء نے رخ تبدیل کیا ہے جس کی وجہ سے قادرپور شینک بند پر دباؤ بڑہ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حفاظتی بند کو ہنگامی بنیادوں پر مضبوط بنایا جارہا ہے بند پر پتھر کا اسٹاک بڑھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :