واڈا نے روس کی ریواولمپکس میں شرکت پر پابندی کی سفارش کردی

بدھ 20 جولائی 2016 16:11

واڈا نے روس کی ریواولمپکس میں شرکت پر پابندی کی سفارش کردی

کینیڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جولائی ۔2016ء) عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی واڈا نے ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال اوراس حوالے سے بددیانتی برتنے کے باعث روسی کھلاڑیوں پر ریو اولمپکس 2016 میں شرکت پر پابندی لگانے کی سفارش کردی۔کھیلوں میں قوت بخش ممنوعہ ادویات کیاستعمال کے انسداد کی عالمی تنظیم واڈا کے مطابق ممنوعہ قوت بخش ادویات استعمال کرنے والے ایتھلیٹس کو روس کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی جانب سیجان بوجھ کر رعایت دی گئی جو کہ سراسر بددیانتی اور عالمی اخلاقیات اور قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔

واڈا کی جانب سے جاری کی گئی آزادانہ بنیاد پر کی گئی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق روس کی جناب سے گزشتہ کئی سالوں سے ڈوپنگ کے قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور روسی ایجنسی نے ممنوعہ ادویات استعمال کرنے والے اپنے کھلاڑیوں کو جان بوجھ کر کلیئر کیا۔

(جاری ہے)

واڈا کا کہنا ہے کہ روسی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے سائیکلنگ، سوئمنگ، آئس ہاکی، اسکییٹنگ اور ویٹ لفٹنگ سمیت 30 سے زائد کھلیوں میں حصہ لینے والے اپنے کھلاڑیوں میں مثبت نتائج آنے کے باجود ان کی پورٹس کو چھپایا جب کہ اس معاملے میں اسے روسی حکومت کی سرپرستی بھی حاصل تھی جس نے اس بددیانتی پر جان بوجھ کر خاموشی اختیار کیے رکھی ۔

واڈا کی جانب سے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات آنے کے بعد ایتھلیٹکس کی عالمی تنظیم آئی اے اے ایف پہلے ہی روس پر اولمپکس سمیت عالمی مقابلوں میں شرکت پرعارضی پابندی لگاچکی ہے جب کہ واڈا کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں آئندہ ماہ ہونے والے گرمائی اولمپکس میں روسی کھلاڑیوں کی شرکت مشکل نظر آرہی ہے۔