اسلام کسی مرد یا خاتون کو غیرت ،مذہب یا کسی اور عصبیت کی بناء پربے گناہ انسانوں کو قتل کرنے اجازت نہیں دیتا،تکفیری خارجی انتہاپسندانہ سوچ پوری دنیا کیلئے پریشان کن ہے ، داعش جیسی تنظیمیں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے بنائی گئی ہیں،ترکی میں بغاوت کو محراب ومنبر نے ناکا م بنایا ،پاکستان میں محراب ومنبر کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی

پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام ’’علماء مشائخ کنونشن ‘‘سے مقررین کا خطاب

بدھ 20 جولائی 2016 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جولائی ۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام ’’علماء مشائخ کنونشن ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاہے کہ اسلام کسی مرد یا خاتون کو غیرت ،مذہب یا کسی اور عصبیت کی بناء پربے گناہ انسانوں کو قتل کرنے اجازت نہیں دیتا،تکفیری خارجی انتہاپسندانہ سوچ پوری دنیا کیلئے پریشان کن ہے ، داعش جیسی تنظیمیں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے بنائی گئی ہیں،ترکی میں بغاوت کو محراب ومنبر نے ناکا م بنایا ،پاکستان میں محراب ومنبر کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی۔

بدھ کو منعقدہ کنونشن کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو تکفیری خارجی سوچ سے بچانے کیلئے کیلئے علماء کرام کو اپنا کرداراداکرنا ہے۔

(جاری ہے)

آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں دہشتگردی کو تکفیری سوچ سے تقویت مل رہی ہے۔

داعش کو سب سے زیادہ اسلحہ ہندوستان سپلائی کررہا ہے۔داعش ان ممالک پر حملہ آور ہے جو ممالک بشار الاسعد کے خلاف ہیں اور شام کی عوام کی حمایت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے امن و سلامتی سے کھیلنے کی سازشوں کا جواب دینے کیلئے مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے مسئلہ پر پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کا مؤقف قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب کشمیر یوں کو مزید غلام بناکرنہیں رکھ سکتا۔کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد منزل کے قریب ہے۔ پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے صدر مولانا عبد الحمید صابری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری اور خارجی گروہ نے مدینہ منورہ پر حملہ کیا ۔حرم مسجد نبوی ؐ پر حملہ کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کے غدار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پورا عالم اسلام سعودی عرب کی حکومت کے سربراہ شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سعودی عرب کے سلامتی کے اداروں کے جوانوں نے حرم نبوی ؐ پر حملہ کو ناکام بناکر پوری مسلم امہ کو سرخرو کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ہر قسم کے تعصبات اور فرقہ واریت سے بالاتر توحیدو سنت کی دعوت کو پھیلارہی ہے۔ پاکستان علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر مولانا نعمان حاشر نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل غیر مسلموں کے حقوق کی پاسبان ہے۔ پاکستان کے آئین اور قانون نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کا تعین کردیا ہے۔ ہر کسی کو قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنی ہے۔

پاکستان علماء کونسل اسلام کے جنرل سیکرٹری مولانا طاہر عقیل اعوان نے کہا کہ پاکستان،ترکی اور ارض حرمین الشریفین کے دفاع اور سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا ترکی ،سعودی عرب ،اور پاکستان کیخلاف امریکہ ،بھارت اور دیگر قوتیں سازشوں سے باز آجائیں ۔شیخ الحدیث مولانا عبد الراؤف نے کہا کہ امت مسلمہ میں انتشار پیدا کرنے کیلئے فتنے ابھررہے ہیں ۔

ہمیں اپنے اکابر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قرآن وسنت سے رہنمائی لینی ہے۔ قرآن کریم میں واضح بتایا گیا ہے کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے ۔بے گناہ انسانیت کے خون سے کھیلنے والے نہ ہی مسلمان ہوسکتے ہیں اور نہ ہی مسلمانوں کے نمائندہ ہیں۔ دریں اثناء علماء و مشائخ کنونشن کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قندیل بلوچ کا قتل افسوسناک ہے ۔قندیل بلوچ کے قتل میں مکمل انصاف ہونا چاہئے۔ کنونشن میں ایک قرار داد کے ذریعے شہید تحفظ ارض حرمین الشریفین مفتی حبیب الر حمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا گیا کہ مفتی حبیب الرحمن شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔