قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات،الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری میرٹ اور مقررہ آئینی مدت میں کرنے پر اتفاق

بدھ 20 جولائی 2016 23:02

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بدھ کی شام قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے سلسلے میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ کی قائد حزب اختلاف سے اس ضمن میں یہ تیسری ملاقات تھی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں رہنماوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کا عمل آئین میں دی گئی مدت ختم ہونے سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔

اس سے پہلے بارہ اور سترہ جولائی کو بھی دونوں رہنماؤں میں اس سلسلے میں ملاقات ہو چکی ہے۔ملاقات میں اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ ممبران کی تقرری صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ ملک میں منصفانہ ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کا عمل یقینی بنایا جا سکے۔ملاقات کی روشنی میں وفاقی وزیر خزانہ وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے اور آج قائد حزب اختلاف سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔