فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے والی حکومت کو عوام پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں، ہارون بشیر بلور

حکومت نے صوبے کو ترقی ،انصاف کی بجائے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے صوبے میں ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ کے زیر انتظام چلنے والے اربوں روپے کے تین اہم منصوبے بند کردیئے گئے ہیں،ترجما ن عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 22 جولائی 2016 18:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جولائی ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ صوبے میں عالمی اداروں کے منصوبوں کی بندش صوبائی حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو حکومت صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے فنڈز کا بروقت استعمال کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اسے عوام پر حکمرانی کا بھی کوئی حق نہیں ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کو ترقی اور انصاف کی بجائے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے،ہارون بشیر بلور نے کہا کہ اے این پی نے حکومت چھوڑتے وقت صوبے میں تعلیمی اصلاحات سمیت یونیورسٹیوں ، کالجوں اور سکولوں کے قیام کے باوجود خزانے میں اربوں روپے چھورے تھے جبکہ موجودہ حکومت کے پاس ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے بھی پیسے نہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت 12ارب روپے می مقروض ہو چکی ہے جس سے ان کی خفیہ کرپشن اور نا تجربہ کاری کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ صوے میں ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ کے زیر انتظام چلنے والے اربوں روپے کے تین اہم منصوبوں کو صرف اس وجہ سے بند کر دیا گیا ہے کیونکہ صوبائی حکومت کو احتجاجی تحریکوں اور دھرنوں سے ہی فرصت نہیں ملتی اور صوبے کے عوام کو ان اہم منصوبوں کے ثمرات سے ہی محروم کر دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ خود کو اقتصادی ماہرین کہنے والوں نے صوبے کا حلیہ بگاڑ دیا ہے ، صوبائی ترجمان نے مزید کہا کہ تبدیلی جذباتی نعروں سے ہی بلکہ عملی اقدامات سے آتی ہے اور موجودہ حکومت کا چہرہ عوام کے سامنے کھل کر سامنے آ چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کے اپنے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں اور 2018میں عوام ان حکمرانوں کی ضمانتیں ضبط کرائینگے۔

متعلقہ عنوان :