سول سوسائٹی اور نیشنل ریفارم موومنٹ کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

لبرٹی گول چکر کا نام آزدی کشمیر تحریک کے ساتھ منسوب کرنے کے لئے کشمیر لبرٹی گول چکر رکھنے کا مطالبہ کر دیا

جمعہ 22 جولائی 2016 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی ۔2016ء) کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیری مجاہد برہان وانی کی شہادت کے خلاف پاکستان نیشنل ریفارم موومنٹ کے چئیرمین بریگیڈئر(ر) نادر میر کی قیادت میں پاکستان کی سول سوسائٹی اور یوتھ کی ایک بڑی تعداد نے لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئر(ر) نادر میر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لبرٹی گول چکر کا نام آزدی کشمیر تحریک کے ساتھ منسوب کرنے کے لئے کشمیر لبرٹی گول چکر رکھا جائے مقبوضہ کشمیر سارے کا سارا پاکستان کا ہے اور بھارت نے اس پر غاصبانہ قبضہ قائم کررکھا ہے لیکن برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر اور پاکستان میں جو انقلابی تحریک شروع ہوئی ہے وہ تحریک اب کشمیر کی آزدی تک جاری رہے گی اور بھارت کو کشمیر سے بھاگ جانے پر مجبور کردے گی بھارت پاکستان کا بھی کھلا دشمن ہے اور کشمیریوں کا بھی کھلا دشمن ہے جس کو ابھی تک بھی اس بات کا علم نہیں ہو سکا تو وہ ہوش میں نہیں ہے اس کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی آزادی کی تحریک کو سپورٹ کرتے رہیں گے پی این آر نے آج جس تحریک کا آغاز لبرٹی گول چکر سے کیا ہے اس تحریک کو ہم ملک گیر سطح پر لیکر جائیں گے میں نے آج اس مظاہرے میں شرکت کے لئے کسی کو کوئی باقاعدہ دعوت نہیں دی تھی لیکن اس کے باوجود آج سول سوسائٹی یوتھ اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے کشمیریوں سے محبت کے اظہار کے لئے شرکت کی ہے اس سے بھارت کو سمجھ جانا چاہئے کہ پاکستانی کشمیر کی مکمل آزادی تک چین سے نہیں بھیٹں گے۔

احتجاجی مظاہرے سے سابق ایم پی اے فریدہ سلہری اور سول سوسائٹی کی خواتین نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے کے اختتام پر برہان وانی اور دیگر شہید کشمیریوں کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور برہان وانی کی تصویر پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔