وزیراعظم محمد نواز شریف کا دورہ مظفر آباد اُن کی کشمیر سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے،حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی تعمیر وترقی کے میگا منصوبے شروع کیے جائیں گے ، نو منتخب حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے تمام ترتعاون حاصل ہوگا تاکہ عوام کے مسائل جنگی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں

وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کا بیان

جمعہ 22 جولائی 2016 23:07

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا دورہ مظفر آباد اُن کی کشمیر سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے اُنہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کے فیصلے نے ثابت کردیا ہے کہ آزادکشمیرسمیت پورے پاکستان کے عوام محمدنواز شریف کو اپنا من پسند قائد سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ 21جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ(ن) کودوتہائی سے زیادہ اکثریت سے کامیاب کروایا۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اورمسلم لیگ(ن) کی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی تعمیر وترقی کے میگا منصوبے شروع کیے جائیں گے جس کا اظہار ایک مرتبہ پھر محمد نواز شریف نے اپنے دورہ مظفر آباد میں کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ اللہ کے فضل سے1 2جولائی2016کو ہونے والے انتخابات آزادکشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے۔

انہوں نے کہا کہ فوج دیگر سیکیورٹی اداروں کی تعیناتی اور آزادکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے لیے جانے والے اقدامات سے آزادکشمیر میں پرُامن اور صاف وشفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا ہے جس کے لیے سیکیورٹی ادارے اور آزادکشمیر الیکشن کمیشن کا کردار قابل تحسین اور قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی مخالفین کا ہار اور شکست کے بعد دھاندلی کا واویلا کرنا ایک وطیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقائق سے چشم پوشی سے حقیقت تبدیل نہیں ہو جاتی ۔کشمیر کے عوام کے گزشتہ پانچ سال میں بد ترین حکمرانی کا شکار رہے ہیں اور 21جولائی 2016کے انتخابات کے نتائج ان کے اسی طرز حکومت کا نتیجہ ہیں کہ اُن کی جماعت آزاد کشمیر میں محض دو سیٹوں تک محدو د ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجانے کب ہمارے سیاسی مخالفین میں اتنا اخلاقی ظرف پیدا ہوگا کہ وہ ہار کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے اپنا محاسبہ کر سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہامسلم لیگ (ن) آزادکشمیر میں شفافیت اور گڈ گورننس کے حوالے سے مثالی حکومت قائم کرے گی جس میں انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر کام میرٹ پر کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کو پاکستان میں کیے جانے والے ترقیاتی میگا پروجیکٹس اور شفافیت کی بنا پر کشمیر میں دوتہائی اکثریت سے کامیاب کروا یا ہے تاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت آزادکشمیر میں عوام کو وہ ترقیاتی منصوبے اور گڈ گورننس مہیا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ نو منتخب ممبران عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے دن رات محنت کریں گے اور تمام اُمور حکومت میں شفافیت کو ہر حالت میں یقینی بنائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نو منتخب حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے تمام ترتعاون حاصل ہوگا تاکہ عوام کے مسائل جنگی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :