دبئی میں پیپلز پارٹی کا اعلی سطحی اجلاس، پیپلز پارٹی کا وزیراعلی سندھ تبدیل کرنے کا فیصلہ

مراد علی شاہ نئے وزیراعلی سندھ ہوں گے، نجی ٹی وی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 24 جولائی 2016 23:00

دبئی میں پیپلز پارٹی کا اعلی سطحی اجلاس، پیپلز پارٹی کا وزیراعلی سندھ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24جولائی۔2016ء) پیپلز پارٹی نے سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ دبئی میں اعلی سطحی اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کا نیا وزیراعلی لایا جائے گا۔ فیصلہ آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور سینئر قیادت کے اجلاس میں‌ کیا گیا۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ نئے وزیراعلی نامزد کئے گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ آصف علی زرداری اور بلال بھٹو زرداری نے کیا۔ فرحت اللہ بابر کے مطابق سندھ کابینہ میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کل کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کریں گے اور نئے وزیراعلی و کابینہ پر ارکان کو اعتماد میں‌لیں گے۔

(جاری ہے)

دوبئی میں پیپلزپارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ، رحمان ملک، فریال تالپور اور وزیر داخلہ سندھ انور سیال نے شرکت کی۔اجلاس میں سندھ میں رینجرز کے اختیارات اور آزاد کشمیر الیکشن پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں پیپلزپارٹی کی تنظیم نو پر بھی مشاورت کی گئی۔ یاد رہے کہ قائم علی شاہ 8 سال سے وزیراعلی سندھ کا عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :