سندھ میں چہروں کی تبدیلی کی بجائے حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے،سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری

کے پی کے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کیلئے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات پرنادرا حکام سے بات کرونگا،جے یو آئی یوسی 4میٹروول ضلع غربی کے تحت میٹروول میں دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان پیغام جمعیت کانفرنس سے خطاب آئندہ انتخابات میں لاڑکانہ کی نشست پر بلاول زرداری کا مقابلہ کروں گا،مولانا راشد محمود سومرو

جمعرات 28 جولائی 2016 19:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ سندھ میں چہروں کی تبدیلی کی بجائے حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے،نئے وزیر اعلیٰ کوعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے فعال کردار اداکرنا ہوگا،کراچی میں خیبرپختون خواہ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کیلئے قومی شناختی کارڈ کا حصول ناممکن بنا دیا گیا ہے،نادرا حکام اوروفاقی وزارت داخلہ سے اس سلسلے میں بات کریں گے،مقبوضہ کشمیر بھارتی درندگی پر اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے نام و نہاد علمبردار خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ کشمیر میں بہنے والا خون مسلمانوں کا ہے اگر یہ خون غیر مسلموں کا ہوتا تو اب تک اقوام متحدہ سمیت ہرعالمی ادارہ میدان میں نکل چکا ہوتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی یوسی 4میٹروول ضلع غربی کے تحت میٹروول میں ڈاکٹر خالد محمود سومرشہیدؒو یونٹ کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان پیغام جمعیت کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام سے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو، مولاناصلاح الدین ایوبی،مولانا عبد الکریم عابد،قاری محمد عثمان،سابق ایم پی اے حافظ محمد نعیم،یوسی چیئرمین سیداکبر شاہ ہاشمی، یوسی امیر حاجی محمودخان خلجی،مولانا حماداﷲ شاہ،مولانا قطب الدین عابد،مولانامحمدنوازآزاد،حبیب الرحمن خاطر،مفتی محمد سلیم شاہ، زاہد شاہ ہاشمی اور دیگرنے بھی خطاب کیا جبکہ ضلع غربی کیلئے پانچ جماعتی اتحاد کے نامزد چیئرمین محمد آصف خان، یوسی میٹروول کے چیئرمین عبدالصمد خان،ضلعی لیبر کونسلرانجینئرسیلم خان،انجمن نوجوانان متحدہ قبائل کے صدراحمدشاہ سمیت میٹروول کے جید علمائے کرام، مہتممین مدارس، آئمہ مساجد اور سماجی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی،یوسی امیر حاجی محمودخان خلجی نے مہمانوں اورشرکاء کا شکریہ ادا کیا،جلسہ عام میں ہزاروں افراد شریک ہوئے،جلسہ عام سے قبل میٹروول کی تمام چوراہوں وشاہراہوں کو پرچم نبوی ؐسے سجایا گیا جبکہ جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز اور قد آور پینافلیکس لگائے گئے تھے، قائدین کو جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ تک لایا گیا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ بدامنی اور معاشی بدحالی کی بنیادی وجہ قیام پاکستان کے بنیادی مقصد سے انحراف ہے،اگر قیام پاکستان کے مقصد کو حاصل کر لیا جاتا تو آج پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست ہوتا مگر ایسا نہیں ہوسکا،اسلامی تعلیمات کو ختم کیا گیا جس کی وجہ سے قوم منتشر ہوگئی، ہم نے ایک ملت کے تصور کو چھوڑ کر سندھی، پنجابی، پختون،مہاجر،بلوچ کی پہچان اپنائی اور اس بنیاد پر تقسیم ہوئے، انہوں نے کہا کہ فحاشی و عریانی کو فروغ دینے والے سن لیں کہ ہم ان کا راستہ روکیں گے،بھارتی درندگی کی حالیہ لہر میں اب تک 80 سے زائد نہتے کشمیری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں لیکن اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سمیت انسانی حقوق کے نام و نہاد علمبردار خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ، کشمیری عوام پرامن انداز تحریک چلارہے ہیں اور جمعیت علمائے اسلام کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتی رہے گی۔

جلسہ عام سے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ چہروں کی تبدیلی سے سندھ کے باشندوں کوکرپشن ،لوٹ مار ، بد امنی ، میرٹ کے قتل عام سے نجات نہیں مل سکتی، آئندہ انتخابات میں جمعیت علماء اسلام صوبہ بھر میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرے گی اور بلاول زرداری سمیت پی پی کے تمام امیدواروں کے مقابلے میں اپنے امیدوار میدان میں لائے گی جبکہ پی ایس 93پر ضمنی انتخاب میں بھی جے یو آئی اپنا امیدوار میدان میں لائے گی،حالیہ بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام نے پانچ لاکھ کے قریب ووٹ لیکر یہ ثابت کردیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ہی سندھ میں متبادل سیاسی قوت ہے،انہوں نے کہا کہ اگر شہید اسلام ڈاکٹرخالدمحمودسومروؒ کیس کے حوالے سے سندھ حکومت نے ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے تو یکم ستمبر2016کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا، یکم ستمبر کو کراچی سے کشمورتک سندھ بھر سے جمعیت علماء اسلام کے لاکھوں شیدائی کفن پہن کر وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے اور اس وقت تک وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ جاری رکھیں گے جب تک سندھ حکومت کئے ہوئے معاہدے کے مطابق شہید اسلام ڈاکٹرخالدمحمودسومروؒ کیس ملٹری کورٹ بھجوانے کے انتظامات نہیں کرتی۔