شہید رینجرز اہلکار شاہد سیال کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی

ہفتہ 30 جولائی 2016 22:34

لاڑکانہ ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی ۔2016ء) لاڑکانہ میں رینجرز پر بم حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکار شاہد سیال کی نماز جنازہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، ڈی آئی جی لاڑکانہ عبد اللہ شیخ، ڈپٹی کمشنر جاوید علی جاگیرانی اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ شہید کے ورثا نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز میجر بلال اکبر نے کہا کہ لاڑکانہ میں رینجرز کی گاڑی کو اسکول سیکورٹی کے دوران نشانہ بنایا گیا جائے وقوعہ پر دو دھماکے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے جس میں پولیس اور لوکل انتظامیہ کی مدد بھی شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی دہشت گرد یا اس کا سہولت کار کراچی سمیت سندھ کے کسی بھی علاقے میں ہوا تو صوبے بھر میں کارروائیوں کے لیے ہمیں صوبائی حکومت اور وفاق کی حمایت حاصل ہے، واقعہ میں کسی بھی دہشت گرد گروپ کے ملوث ہونے کے بات قبل از وقت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں جہاں امن امان کی صورتحال سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ قبل ازیں ڈی جی رینجرز نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ڈی جی رینجرز کو رینجرز ہیڈکوارٹر میں دہشت گردی کے واقعہ پر مکمل بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں ڈی جی رینجرز نے چانڈکا اسپتال پہنچ کر زخمی رینجرز اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :