سامعہ کی پھپھو کی 25 سال قبل ایسے ہی موت ہوئی تھی ، علاقہ مکینوں کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 اگست 2016 14:53

سامعہ کی پھپھو کی 25 سال قبل ایسے ہی موت ہوئی تھی ، علاقہ مکینوں کا انکشاف

جہلم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اگست 2016ء): سامعہ شاہد قتل کیس کی گتھی سلجھنے کا نام ہی نہیں لے رہی جبکہ سامعہ شاہد قتل کیس میں پے در پے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ اس کیس میں گاؤں کے مکینوں نے انکشاف کیا کہ 25 سال قبل سامعہ کی ایک پھپھو بھی اسی قسم کے حالات میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔ مکینوں نے بتایا کہ سامعہ کی پھپھو نے بھی اپنے شوہر سے طلاق لی تھی جسے ان کے اہل خانہ نے قبول نہیں کیا۔

اور بعد ازاں سامعہ کے والد چوہدری شاہد نے بیان دیا کہ ان کی بہن نے خود کُشی کر لی ہے۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں نے کہا کہ چونکہ کسی نے بھی سامعہ کی پھپھو کے کیس میں پولیس سے رابطہ نہیں کیا تھا لہٰذا یہ معاملہ وہیں دب گیا تھا اور کسی نے بھی اس کا نہ تو نوٹس لیا اور نہ ہی اس پر بات کی گئی تھی۔ پندوری گاؤں کے ہی ایک رہائشی نے یہ بھی بتایا کہ سامعہ شاہد کے کزنز اور والد سمیت تمام اہل خانہ اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے کے لیے اسلحہ رکھتے اورا سے استعمال بھی کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ سامعہ شاہد کے والد نے بیان دیا تھا کہ سامعہ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جبکہ سامعہ کے شوہر مختاز کاظم نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیوی کو دھوکے سے پاکستان بُلوا کر قتل کیا گیا ہے۔