قومی اسمبلی میں کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر اور دہشت گردی کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور

کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر انسانی حقوق کے منافی ہے ، عالمی قوانین اس ظلم کی قطعی اجازت نہیں دیتے کہ وہ نہتے اور پر امن کشمیریوں پر آگ و خون برسائیں ، کشمیر کے مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، آزادی کی اس جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیر کے بہادر لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، کشمیر میں پر امن مظاہرین پرپیلٹ گن کے استعمال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں ، قرارداد میں مطالبہ

پیر 1 اگست 2016 23:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی میں کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر اور دہشت گردی کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی ، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر انسانی حقوق کے منافی ہے ، عالمی قوانین اس ظلم کی قطعی اجازت نہیں دیتے کہ وہ نہتے اور پر امن کشمیریوں پر آگ و خون برسائیں ، کشمیر کے مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، آزادی کی اس جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیر کے بہادر لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، کشمیر میں پر امن مظاہرین پرپیلٹ گن کے استعمال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پیر کو ایوان زیریں میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ۔ قرارداد وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف زاہد حامد نے پیش کی ۔ قرارداد میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور جائز حق آزادی دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت گزشتہ سات دیہائیوں سے کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے ، وہاں کے عوام بھارتی ریاستی جبر کے خلاف اب اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ان کی آواز کو دبانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔

عالمی دنیا سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اس حوالے سے اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے ۔ بھارت کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کو فی الفور بند کرے اور تمام قیدیوں اور حریت رہنماؤں کر رہا کرے ، میڈیا پر لگائی جانے والی قدغنوں سمیت صحافیوں کو حراساں کرنا چھوڑ دے اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداروں پر عمل درآمد کرے جو کشمیریوں کا بنیادی حق ہے