وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈنمارک کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال،پاکستان اور ڈنمارک کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے تجارتی اور صنعتی وفود کے تبادلے ضروری ہیں،شہبازشریف

تجارتی تعاون کو فروغ دینے سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو مثبت پیغام ملے گا اور معاشی تعاون بڑھے گا،ڈینش سفیر

جمعرات 4 اگست 2016 23:05

لاہور۔4 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔4 اگست ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان میں تعینات ہونے والے ڈنمارک کے نئے سفیر اولے تھونکی (Mr. Ole Thonke)نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات ،اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک میں اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

پاکستان اور ڈنمارک کو تجارتی، معاشی اور سماجی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے اور اس مقصد کیلئے دونوں ملکوں کے تجارتی اور صنعتی وفود کے تبادلے تعلقات کے فروغ کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کی ونڈ پاور انرجی کمپنی پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے اور اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں بھی ڈینش کمپنی پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔ ڈینش سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کی سازگار فضا سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں اور پنجاب حکومت انہیں اس ضمن میں ہرممکن سہولتیں دے گی۔ ڈنمارک کے سفیر اولے تھونکی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے درست سمت کام کر رہے ہیں۔

پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے مابین تجارتی شعبہ میں تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ تجارتی تعاون کو فروغ دینے سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو مثبت پیغام ملے گا اور بزنس کمیونٹی کے باہمی رابطوں سے دو طرفہ معاشی تعاون بڑھے گا۔ انہو ں نے کہا کہ ڈنمارک کی کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد پاکستان میں سرمایہ کاری اور طویل مدتی منصوبوں پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

دونوں مما لک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔تجارتی وفود کے باہمی تبادلوں سے دونوں ممالک کے معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ڈنمارک کے سفیر نے پاکستان اور ڈنمارک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔