بحریہ ٹاون کراچی کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے

لاکھوں ممبرز، ہزاروں ملازمین اور سرمایہ کاروں کو 100 فیصد یقین دلاتا ہوں کہ بحریہ ٹاون نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے: ملک ریاض

جمعہ 5 اگست 2016 01:29

بحریہ ٹاون کراچی کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4 اگست ۔2016ء) ملک ریاض کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاون کراچی کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاون کراچی کے مالک ملک ریاض کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ بحریہ ٹاون سے منسلق لاکھوں لوگوں کو خوشخبری دینا چاہتے ہیں کہ کراچی میں بحریہ ٹاون کے تحت تعمیر کیے جانے والے نئے اورجدید ترین شہر کے تمام منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

اللہ کے فضل سے یہ معجزہ لاکھوں محنت کش اور پروفیشنلز نے انجام دیا ہے جن کا روزگار بحریہ ٹاون کراچی سے جڑا ہوا ہے۔ میں ان سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ علاقہ جہاں ہیروون اور اسلحے کی منڈیاں چلا کرتی تھیں وہاں آج اللہ کے فضل سے پاکستان کے سب سے بڑے تعمیراتی منصوبے کی ہلچل مچی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

صرف 2 سال کے عرصے میں بحریہ ٹاون کراچی کے کئی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جہاں سینکڑوں خاندان رہائش پذیر ہیں اور جدید سہولیات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ملک ریاض کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاون کراچی میں دنیا کی تیسری بڑی مسجد، تھیم پارک، پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم، سفاری پارک، گالف کورس، فائیو سٹار ہوٹل، جدید سینما، یونیورسٹی، کالج، اسکولز اور سعودی جرمن ہسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ سعودی جرمن ہسپتال دنیا کا جدید ترین ہسپتال ہو گا جہاں برطانیہ کے عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹرز آ کر اپنی خدمات انجام دیں گے۔

ملک ریاض کا کہنا ہے کہ لاکھوں ممبرز، ہزاروں ملازمین اور سرمایہ کاروں کو 100 فیصد یقین دلاتا ہوں کہ بحریہ ٹاون نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔ بحریہ ٹاون کراچی کا ہر پلاٹ، ہر مکان اور ہر فلیٹ وقت مقررہ پر مالکان کے حوالے کر دیا جائے گا۔ 15 اگست کو بحریہ ٹاون کے تحت قرعہ اندازی ہو گی جس میں ممکنہ طور پر پہلے پلاٹ، مکان یا فلیٹ حاصل نہ کر پانے والوں کے نام آ جائیں گے۔ کراچی، پاکستان اور بحریہ ٹاون کی ترقی کا سفر انشاء اللہ اسی رفتار سے جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :