موجودہ حکومت کی گورننس کی بنیاد شفافیت ہے۔نوازشریف

این ایچ اے کی جاری اورآئندہ کے منصوبوں بارے وزیراعظم کو بریفنگ،منصوبوں کی تعمیر میں شفافیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا،شفافیت کو یقینی بنانا ہمارا وژن ہے،وزیراعظم نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے 50ہزار روپے معاوضے کی منظوری دی،وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد،آفتاب شیرپاؤ اورمولانا فضل الرحمن نے ملاقات بھی کی،ہیلی کاپٹرکے مغویوں کی بازیابی کیلئےافغان حکومت سے باضابطہ درخواست کی ہے۔وزیراعظم نوازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اگست 2016 17:06

موجودہ حکومت کی گورننس کی بنیاد شفافیت ہے۔نوازشریف

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اگست2016ء) :وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت موٹروے منصوبوں پر این ایچ اے کی کاکردگی جانچنے کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس ہوا،جس میں این ایچ اے کی جاری اور آئندہ کے منصوبوں بارے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین این ایچ اے نے وزیراعظم کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موٹروے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنارہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا جارہا ہے۔موجودہ حکومت کی گورننس کی بنیاد شفافیت ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تعمیر میں شفافیت پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔شفافیت کو یقینی بنانا ہمارا وژن ہے۔وزیراعظم نے اجلاس میں سکھرحیدرآبادموٹروے منصوبے کی اصولی منظوری بھی دید ہے،منصوبے پر کام کا آغاز2017ء میں شروع ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

جبکہ اگست کے آخر میں وزیراعظم لاہور سیالکوٹ موٹروے منصوبے کا افتتاح کرینگے۔چیئرمین این ایچ اے اشرف تارڑ نے وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے کہ موٹروے کے ایک ہزار ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ موٹرویز کے زیادہ تر منصوبے 2018ء سے قبل مکمل ہوجائینگے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے ہیلی کاپٹر کے مغویوں کی بازیابی کے حوالے سے کہا ہے کہ افغان حکومت سے مغویوں‌کی بازیابی کیلئے باضابطہ درخواست کی ہے،عملے کی بحفاظت واپسی کیلئے تمام وسائل استعمال کرہے ہیں۔

انہوں نے افغانستان میں ہیلی کاپٹر میں سوار مغویوں کی بازیابی کیلئے اپنے بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی بحفاظت واپسی کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت افغان حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔متاثرہ افراد کے لیے فکر مند ہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے ہر خاندان کے لئے 50ہزار روپے کے معاوضے کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے 10ہزار پھنسے ہوئے پاکستانیوں میں 50کروڑ روپے کی مجموعی رقم تقسیم کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم نے وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی کو ہدایت کی کہ متعلقہ خاندانوں کی مستند فہرستیں جلد از جلد تیار کی جائیں۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ہر متاثرہ خاندان کو 50ہزار روپے کی جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سندھ کی بہتری کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ رینجرز کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوگیا ہے میں نہیں میرے کام بولیں گے ۔جمعہ کو اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ سندھ میری وزیر اعظم سے پہلی ملاقات ہوئی ہے جس میں ان کی صحت کے حوالے سے دریافت کیا اور صوبوں کو درپیش دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مسائل کے حل کے لئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مضبوط روابط ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے سندھ میں امن وامان کی صورت حال کو مزید بہتر کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل بھی میڈیا کے ساتھ کم گفتگو کرتا تھا اب میں نہیں میرے کام بولیں گے اور میں کوشیش کروں گا کہ میڈیا کے ساتھ رابطے میں رہوں۔انہوں نے کہا کہ جو کام بہتر نہ ہوں ہماری بہتری کیلئے اسے ضرور شائع کریں اور بہتر کام کے بارے میں بھی عوام کو آگاہ کریں تاکہ میری ٹیم کی حوصلہ افزائی ہو سکے انہوں نے کہا کہ اپنی قیادت اور سندھ کی عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے پر اعتماد کیا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں اپنی جماعت کی پالیسی اور قیادت کی مشاورت اور رہنمائی کے بعد فیصلے کروں گا ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت حیسکو اور سیپکوکے ذمے 24 ارب کے واجبات دینے کو تیار ہے تاہم سندھ حکومت کے پہلے دئیے گئے 10 ارب روپے پہ الیکٹرسٹی ڈیوٹی اسے ادا کی جائے جو چار ارب روپے بنتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کے لیکٹرک،پی ایس او،کراچی پورٹ ٹرسٹ سمیت وفاقی اداروں کے بورڈز میں سندھ کو نمائندگی دینے کا بھی مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو شکایت کی کہ جون میں ایف بی آر نے سندھ حکومت کے اکاؤنٹس سے ٹیکس کی مد میں 7 ارب روپے کی کٹوتی کر لی حالانکہ یہ ترقیاتی منصوبے نہیں تھے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیٹی بندر منصوبے کو سی پیک میں شامل کرایا جائے اور سندھ میں بند کئے جانے والے ریلوے اسٹاپ بحال کئے جائیں۔

نواز شریف سے قومی وطن پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مجموعی قومی امور اور ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق معاملات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور قیادت کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں قومی اہمیت کے سیاسی امور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں صوبہ خیبرپختونخوا میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ نواز شریف نے ممتاز فلمی اداکارہ شمیم آراء کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ اداکارہ نے اپنی بے مثال صلاحیت کے ذریعے پاکستان میں فلمی صنعت کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان ایک عظیم اثاثے سے مرحوم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلمی صنعت کے فروغ کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو ٰاپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاء فرمائے۔