مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ضرب عضب جیساجذبہ ہونا ضروری ہے ،پاکستانی وزیر داخلہ کا کشمیر ایشو پر سارک کانفرنس میں بیان قابل ستائش ہے،گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ کا سیمینار سے خطاب

جمعہ 5 اگست 2016 22:34

لاہور۔5 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔5 اگست ۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ضرب عضب جیساجذبہ ہونا ضروری ہے ،ہمیں اندرونی اختلافات بھلاکراس مسئلہ کا حل تلاش کرنا ہے۔ ان خیالات کے اظہار انہوں نے جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں کشمیر ایشو پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہورہی ہے موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ہر فورم پر فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کرمسئلہ کشمیر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر داخلہ کا کشمیر ایشو پر سارک کانفرنس میں دیا گیا بیان قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے حقوق کی خاطر جنگ لڑنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔کشمیریوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔کشمیر میں بد ترین دہشت گردی ہورہی ہے جس کو جلد از جلد روکا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جانا چاہئے۔آزادی کشمیریو ں کا حق ہے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔کانفرنس میں بریگیڈئیر طارق فتح،سابق سپیکر نیشنل اسمبلی سید فخر امام اور معروف قانون دان ایس ایم ظفر سمیت کشمیری رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔