حکومت کے خلاف عوامی تحریک کی تحریک قصاص ‘آج لاہور‘کراچی‘اسلام آباد‘فیصل آباد اورگوجرانوالہ میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 6 اگست 2016 14:30

حکومت کے خلاف عوامی تحریک کی تحریک قصاص ‘آج لاہور‘کراچی‘اسلام آباد‘فیصل ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اگست۔2016ء)حکومت کے خلاف پاکستان عوامی تحریک آج لاہور سمیت اہم اضلاع مین دھرنا دے رہی ہے-پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دھرنے اور ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کررہے ہیں جبکہ تحریک کے سربراہ مولانا طاہرالقادری ملک گیر احتجاجی مظاہروں اور دھرنے کے شرکاءسے ٹیلی فونک خطاب کریں گے جو عوامی تحریک کے دنیا بھر کے مراکز میں نشرہوگا-لاہور میں دوپہر تک اس دھرنے اور احتجاج کے حوالے سے انتظامات اور سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں- سیاسی کارکنوں اور سیکیورٹی اداروں کے مطابق عوامی تحریک کا یہ کمزور ترین پروگرام دکھائی دیتا ہے-دوسری جانب عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق لاہور میں پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے سامنے دیے جانے والے دھرنے سے طاہر القادری ٹیلیفونک خطاب کریں گے جبکہ کراچی میں تبت سنٹر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔لاہور میں پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی جائے گی جہاں ریلی کے شرکا دھرنا دیں گے۔ شرکا سے عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری ٹیلیفونک خطاب کریں گے۔کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد کریں گے۔

شرکا تبت سینٹر پہنچ کر دھرنا دیں گے۔اسلام آباد میں آبپارہ سنٹر میں دیے جانے والے دھرنا کی قیادت خواجہ عامر فرید کوریجہ کریں گے۔ فیصل آباد میں اسٹیشن چوک سے چوک کچہری بازار تک ریلی قیادت بشارت جسپال جبکہ گوجرانوالہ میں لاری اڈا سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت ساجد محمود بھٹی کریں گے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عوامی تحریک قصاص اور حکمرانوں کے احتساب کے لیے تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔

لاہور میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کا بنیادی مقصد شہدا ماڈل ٹاﺅن سمیت تمام ایسے لوگوں کے لئے انصاف کی جنگ لڑنا اور ملک میں انصاف کی حکمرانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا ہو کر حکمرانوں کے خلاف لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے آرمی چیف سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہدا کی ایف آئی آر آرمی چیف نے کروائی تھی اب انصاف بھی وہی دلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ان کے دوست چھوڑ کر بھاگ چکے ہیں۔ میاں نواز شریف کا واحد دوست صرف بھارت رہ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہدا کے لئے انصاف لے کر ہی دم لیں گے۔ طاہر القادری کا کہنا ہے ایسی جمہوریت کا کیا فائدہ جس میں وزیر اعظم جواب دہ نہ ہو۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت مخالف تحریک کا شیڈول بتایا اور تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی حمایت کا دعویٰ بھی دہرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگست کے دھرنے میں نہ صرف پی ٹی آئی شریک ہو گی بلکہ پی پی پی بھی دھرنے میں شریک ہو گی۔ عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی جیتے پاپولر کے بجائے مکینکل ووٹوں سے جیتے۔ طاہر القادری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد کا دھرنا کارکنوں کو تازہ دم کرنے کیلئے ختم کیا تھا، اب نئے ولولے سے میدان میں آئیں گے۔