صوبہ بھر میں سرکاری سکولوں میں جشن آزادی کی تقریبات ، یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جائیگا‘ رانا مشہود احمد

فلاور والز ، ثقافتی فلوٹس، مشاعرے ، مصوری ، سپورٹس مقابلے ، آتشبازی کے مظاہرے بھی ہوں گے‘سربراہ سٹیئرنگ کمیٹی صوبائی وزیر تعلیم کا یوم پاکستان کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 6 اگست 2016 19:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منا نے کے حوالے سے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں رنگا رنگ تقریبات کا آغازیکم اگست سے ہو چکا ہے۔ چلڈرن لائبریری میں 14اگست کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوئی وزیر رانا مشہوداحمد نے کہاکہ یونین کونسل ، تحصیل ، ضلع اور صوبائی سطح پر تعلیمی اداروں میں تقریری ، تحریری مقابلے اور سپورٹس کے مقابلوں ، سیمینارز،مشاعروں سمیت ملی ترانوں و مصوری کے مقابلے جاری ہیں۔

یوم آزادی کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔زندہ قومیں اپنی آزادی کو شایان شان طریقے سے مناتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ارض وطن ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ان کامزید کہنا تھا کہ 14اگست جدو جہد آزادی کے عظیم مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن شاہداقبال، سپورٹس اور آرکائیو ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان او رنمائندو ں نے شرکت کی۔ رانا مشہود احمدنے بتایا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں یوم آزادی کا دن شاندا ر طریقے سے منایا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ اٹھا نہ رکھا جائے گا۔ یوم آزادی کے حوالے سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاً نوجوان طبقے کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کے تمام محکمے خصوصی پروگرام ترتیب دیں گے۔جشن ِ آزادی کے موقع پر فلاور والزکی تنصیب، ثقافتی فلوٹس کے ساتھ ساتھ صوبائی دارلحکومت کے مختلف پارکس میں آتش بازی کامظاہرہ بھی کیا جائے گا۔