مسافروں کی سہولت کیلئے نئی کوچز کی مرمت کی کوالٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 6 اگست 2016 22:17

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔6 اگست ۔2016ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لئے نئی کوچز کی مرمت کی کوالٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پرانی جرمن اکانومی کوچز کی نئے سرے سے تیاری سے پہلے میں ورکشاپس مغلپورہ کا دورہ کروں گا اوراستعمال میں آنے والے میٹریل کا خود معائنہ کروں گا۔

پرانے خیالات کو ختم کر کے جدید خیالات سامنے لانا ہوں گے ۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ وزیر ریلوے نے مزیدکہا کہ مسافرٹرینوں کے ساتھ لگیج وینز کے معیار کو بھی بہتر کیا جائے اور ان کے لاکس وغیرہ معیاری کوالٹی کے لگائے جائیں ۔ اجلاس میں وزیر ریلوے کو بتایا گیا کہ مسافر ٹرینوں میں اب تک 18ٹرین منیجرز تعینات کئے جا چکے ہیں اور مزید ٹرنیوں میں بھی تعینات کیے جائیں گے جن کی وجہ سے مسافرکی سروس میں مزیدبہتری آئے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے ہدایت کی کہ مسافر وں سے فیڈبیک حاصل کرنے کیلئے سسٹم تیار کیا جائے تاکہ اُن کی مناسب تجاویز اور اچھے خیالات سے مستفید ہوتے ہوئے ریلوے میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ضرورت کے مطابق آپریشنل نظام کو چلانے کے لئے آئندہ 12سے 15سال کی پلاننگ کرتے ہوئے نئے انجنوں کی پروکیورمنٹ کے لئے تمام شعبے ٹریفک،مکینیکل اور سول ٹریک کیپسٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی تیار کریں اور اس سلسلے میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ انجنوں کے صرف پرزے بیرون ملک سے منگوائے جائیں جبکہ اُن کی تیاری پاکستان ریلوے کی فیکٹریوں میں کی جائے تاکہ ہمارا مزدور بھی مصروف عمل رہے اور زرِ مبادلہ بھی بچایا جا سکے گا۔

اجلاس میں چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا،چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز،سیکریٹری ریلوے بورڈآفتاب اکبر، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجر پیسنجر مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل لیاقت علی چغتائی،چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ محمود حسن، چیف انجینئرکیرج اینڈویگن عدنان شافع، چیف مکینیکل انجینئر لوکو شاہد عزیز، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی فہد رحمان سمیت دیگر ریلوے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :