وزیر مملکت ڈاکٹر طارق چوہدری کا اسلام آباد چڑیا گھر کاغیر اعلانیہ دورہ

صفائی ستھرائی کے انتظامات تسلی بخش نہ ہونے اور ڈیوٹی سے غیر حاضری پر سینی ٹیشن سپر وائزر اور تین اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے

ہفتہ 6 اگست 2016 22:17

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔6 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد چڑیا گھر کاغیر اعلانیہ دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات تسلی بخش نہ ہونے اور ڈیوٹی سے غیر حاضری پر سینی ٹیشن سپر وائزر اور تین اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔اس موقع پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ممبر ماحولیات ثنااللہ امان بھی وزیر مملکت کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران چڑیا گھر کے ڈاکٹر نے وزیر مملکت کو جانوروں کی صحت اور خوراک سے متعلق تمام تفصیلات متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ جانوروں کی خوراک میں حفظان صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور انھیں موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر مملکت نے چڑیا گھر کے ہاتھی’کیوان‘ کی خوراک اور اس کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

وزیر مملکت نے سختی سے ہدایت کی کہ ہاتھی کو زنجیر سے نہ باندھا جائے اور اس کی چہل قدی اورخوراک کو بہتر بنایا جائے ۔انھوں نے ہاتھی کے رہائشی احاطے کو بہتر بنانے اور اس میں ہاتھی کو زیادہ سے زیادہ قدرتی ماحول فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر وزیر مملکت نے گزشتہ دنوں چڑیا گھر میں مرنے والے بھڑیے سے متعلق رپورٹ طلب کی اور ہدایت کی کہ بھڑیے کی موت کی وجوہات کا درست طور پر تعین کیا جائے اور لیبارٹری سے میڈیکل رپورٹ آنے کی بعد تمام تفصیلات جلد از جلد فراہم کی جائیں۔

انھوں نے چڑیا گھر میں پبلک سروس کو بہتر بنانے اور جانوروں کیلئے سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیر مملکت نے چڑیا گھر کو پرائیوٹائز کرنے سے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کی سختی سے تردید کی۔انھوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے 46ارب روپے کی لاگت سے پنڈی اسلام آباد میٹرو بس بنا کر اس کی مینیجمنٹ اور منٹیننس بین الاقوامی پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کی ہے اسی طرح ہم اسلام آباد چڑیا گھر کی مینیجمنٹ اورمینٹننس بھی بین الاقوامی معیار کی کمپنی کے حوالے کریں گے تاکہ چڑیا گھر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق چلایا جا سکے اور یہ قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکے۔

اس موقع پر انھوں نے چڑیا گھر کو میٹرو بس سٹیشن سے منسلک کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کیں۔

متعلقہ عنوان :