بارش کے پانی نکالنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں جائیں ۔ گورنرسندھ کی ہدایات

کمشنر، ایڈمنسٹریٹر اور کے الیکٹرک حکام سے ٹیلیفونک رابطہ

ہفتہ 6 اگست 2016 22:45

کراچی ۔ 6اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔6 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کمشنر کراچی اعجاز احمد خان ،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد اور کے الیکٹرک حکام سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کرکے انھیں بارش کے بعد عوامی مشکلات کے فوری حل کی ہدایت کی ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت کی کہ بارش کے بعد مرکزی شاہراہوں، سڑکوں اور علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لئے ہنگامی اور موئثر اقدامات کئے جائیں خا ص طور پر نشیبی علاقوں میں جہاں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اس ضمن میں برساتی نالوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رین ایمر جنسی پلان پر عملدرآمد نظر آنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے ہدایت کی محکمہ مو سمیات کی پیشن گوئی کے مطابق کہ آج رات تک مزید بارش ہو سکتی ہے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔ کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے گورنر سندھ کو جاری ہنگامی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر گورنر سندھ نے انھیں ہدایت کی ہنگامی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔

علاوہ ازیں گورنر سندھ نے کے الیکٹرک حکام سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان سے بارش کے باعث متاثر ہونے والے فیڈر ز کی معلومات حاصل کیں اور انھیں ہدایت کی کہ فیڈرز کی درستگی اور بجلی کو ہر صورت بحالی کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ کے الیکٹرک حکام نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی ہدایت کے مطابق جلد از جلد متاثرہ فیڈرز اور بجلی کی تسلسل سے بحالی کو یقینی بنایاجارہا ہے ا س ضمن میں تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء گورنر سندھ نے حیدرآباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بارش کے بعد شاہراہوں اور سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے لئے ہنگامی اقدامات یقینی بنائیں جائیں اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل فوری بروئے کار لائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :