کراچی کو روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے ہرشہری کو تمام اختلافات بھلا کر اپناکردار ادا کرناہوگا ۔ وزیراعلی سندھ

ہفتہ 6 اگست 2016 22:45

کراچی ۔ 6 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔6 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ کراچی شہر کی رونقوں کو بحال اور اسے دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے خواہاں ہیں مگر یہ سب اسی وقت ممکن ہے جب ہر ایک شہری بغیر کسی سماجی و سیاسی اور مذہبی وابستگی کے آگے آئیں اور اپنا فعال کردار ادا کریں ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ہفتہ کی صبح بارش کے بعد شہر کے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اپنے دورے کے موقع پر ایمپریس مارکیٹ کے ساتھ واقع چائے کے ہوٹل پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعلی سندھ نے چائے کے ہوٹل پر چائے بھی پی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ اور کمشنر کراچی اعجاز خان بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے تمھاری مدد کی ضرورت ہے کراچی ہمارا گھر ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ کاوشیں ہونی چاہیں کہ ہم اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہر کراچی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں کیونکہ میں یہیں پیدا ہوا ہوں اور میں نے کراچی کی سڑکوں پر بائیک بھی چلائی ہے اور مسافر بسوں میں سفر بھی کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ این ای ڈی یونیورسٹی میں پڑھتے تھے تو انکا پوائنٹ (اسٹوڈنٹ بس) کا روٹ کالا پل ، محمود آباد ، چنیسر ہالٹ ، شاہراہ فیصل ، سوک سینٹر تا یونیورسٹی روڈ تھا میں اس شہر کو جانتا ہوں اور اس شہر سے پیار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ شب سے جاری بارش کے باعث لوگوں کی مشکلات کے حوالے سے فکر مند تھے اور میں کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے مسلسل رابطے میں تھا کہ سڑکوں اور زیریں علاقوں سے فوری بارش کے پانی کو نکالا جائے ۔

انہوں نے کمشنر کراچی ، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈی ایم سی ایڈمنسٹریٹرز کو سرگرم کریں کہ وہ اپنے ورکرز کے ساتھ فیلڈ میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے ورکرز کو کام کرتے ہوئے د یکھنا چاہتا ہوں اور آپ کے شکایتی سیل کو بھی فعال دیکھنا چاہتا ہوں۔ صدر کے علاقے کے رہائشی نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ ان کے علاقے میں صبح سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہے۔

اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا کی موجودگی میں ایم ڈی کے الیکٹرک سے ان کے موبائیل فون پر بات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ جس قدر جلد ممکن ہو بجلی بحال کرائیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں ، میونسپل سروسز، ٹریفک ایشوز ، ماحولیاتی اور زندگی کے دیگر روز مرہ کے امور پر ذاتی طور پر نگاہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے شہر سے کچرا اٹھانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور یہ کام بہت جلد شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :