سانحہ کوئٹہ:خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد93ہوگئی ‘171زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں‘ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے :سرکاری ذرائع ‘

چیف آف آرمی اسٹاف کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس : انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم‘دہشت گردوں کو ان کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے:جنرل راحیل شریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 اگست 2016 10:37

سانحہ کوئٹہ:خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد93ہوگئی ‘171زخمی ..

کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 اگست۔2016ء) کوئٹہ میں ہونیوالے خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد93ہوگئی ہے جن میں 62وکلائ‘29عام شہری‘2صحافی ‘ایک ڈاکٹر اور 3وکلاءکے منشی شامل ہیں جبکہ 171زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں -آج صبح کوئٹہ کے سول ہسپتال کے باہر ہونیوالے خودکش دھماکے میں 8کلوباردوی مواد اور بابیرنگ استعمال کیئے گئے- سرکاری ذرائع کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کو کوئٹہ کے علاقے منوں جان روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا ان کی لاش سول ہسپتال لائی گئی تھی جس کی وجہ سے ہسپتال کے باہر وکلا ءکی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق صدر بلوچستان بار کو گھر سے عدالت جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔ بلال انور کاسی کی لاش کو سول ہسپتال پہنچایا گیا تھا اور جس وقت دھماکہ ہوا ہسپتال کے باہر وکلا بھی موجود تھے۔

دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں وکلا اور میڈیا کے نمائندے بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوری بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں ہسپتال میں بھگدڑ مچ گئی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آوازدور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔

صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،سابق صدر آصف علی زرداری ،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری سمیت سیاسی وسماجی رہنماو¿ں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کوواقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار ی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کسی کو صوبے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحے کے خلاف ملک بھر میں ایک ہفتے سوگ منانے کا اعلان کیا ۔وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سول ہسپتال میں دھماکے کاواقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس میں معصوم افراد کو ٹارگٹ کیا گیا، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی خفاظت کریں، وکلا اور سول سوسائٹی کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائیگا۔

انہوں نے کہا تمام ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں، سکیورٹی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سخت سز ا دی جائے گی۔انکا یہ بھی کہناتھا کہ ہمارے لوگوں کو جاں بحق نہیں ،شہید کہا جائے، بلوچستان کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک پغام میں کہا ہے کہ کسی کو صوبے کا امن و امان خراب نہیں کرنے دیںگے کیونکہ ہم نے بڑی قربانیاں دے کر صوبے میں امن و امان قائم کیا ہے‘ انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے سکیورٹی سخت کی جائے ۔

انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے حکام کو سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور بلوچستان کے عوام کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے۔ وکلاءاور سول سوسائٹی کے ارکان کی سکیورٹی بھی موثر بنائی جائے۔

دوسری جانب جانب کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کے وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی خفاظت کریں، وکلا اور سول سوسائٹی کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا تمام ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں، سکیورٹی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سخت سز ا دی جائے گی۔

ادھرچیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں آرمی چیف کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری، چیف سیکریٹری اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن اور بلوچستان میں خصوصی کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حملے کا مقصد بلوچستان کی سیکیورٹی کی صورتحال کو خراب کرنا ہے، تاہم سیکیورٹی کی صورتحال سنبھالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو شکست فاش ہوئی، جس کے بعد اب ان کی توجہ بلوچستان کی طرف ہوگئی ہے اور یہ حملہ خصوصی طور پر اقتصادی راہداری کے خلاف ہے۔

قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے کے بعد جنرل راحیل شریف نے بلوچستان ہائی کورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر ججز سے کوئٹہ دھماکے وکلا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے سول ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ کوئٹہ میں دہشت گردی کے بدترین واقعے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف بی صوبائی دارالحکومت پہنچے۔

گورنر ہاو¿س میں وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں انہیں کوئٹہ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک سانحہ قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام وسائل بروئے کار لائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے وار کر رہے ہیں۔

نواز شریف نے وفاقی، صوبائی اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کا فعال میکنزم بنانے کا بھی اعلان کیا، جس کی تشکیل کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باوجوہ، مشیر قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، صوبائی وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری اور آئی جی بلوچستان نے بھی شرکت کی۔اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی چیف کے ہمرا سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی۔زیر اعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن امداد کا یقین دلایا اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

سانحہ کوئٹہ:خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد93ہوگئی ‘171زخمی ..