بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیرسیالکوٹ سیکٹرکے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ دیا‘سیالکوٹ اور ظفر وال کے کئی علاقے سیلاب کی لپیٹ میں آگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 اگست 2016 11:12

بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیرسیالکوٹ سیکٹرکے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 اگست۔2016ء) بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیرسیالکوٹ سیکٹرکے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ دیا جس سے دریائے چناب بھی تباہی پھیلانے لگا ، سیالکوٹ اور ظفر وال کے کئی علاقے پانی کی لپیٹ میں آگئے۔دوسری طرف بلوچستان میں ندی نالے بپھر گئے ، ہرنائی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ، لسبیلا اور اوتھل کا وسیع رقبہ سیلاب کی زدمیں آگیا۔

ایک طرف موسلا دھار بارشیں تو دوسری طرف بھارت کی آبی جارحیت جاری ہے۔ دریائے چناب میں پانی کی بلند ہوتی سطح سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے ، سیالکوٹ میں وسیع رقبہ زیر آب آگیا جبکہ بجوات کے 85دیہات کا زمینی رابطہ بھی کٹ گیا۔نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث ظفر وال کے کئی دیہات پانی کی لپیٹ میں ہیں۔

(جاری ہے)

سیکڑوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں بھی ڈوبی ہوئی ہیں۔

موضع منگوال کے مقام پرحفاظتی بند ٹوٹنے سے وسیع رقبہ سیلاب کی زد میں آگیا۔وزارت پانی و بجلی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ بھارت نے دریائے چناب اور توی میں بڑے ریلوں کی آمد کی اطلاع دے دی ہے۔ جھنگ سے چار لاکھ کیوسک کا بڑا ریلا منگل کو گزرے گا۔دوسری طرف بلوچستان میں ندی نالے بپھر گئے، ہرنائی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ، لسبیلا اور اوتھل کا وسیع رقبہ سیلاب کی زد میں آگیا۔ کوئٹہ ، ہرنائی شاہراہ بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ سندھ کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سینکڑوں دیہات ڈوب گئے۔ سانگھڑ کے درجنوں علاقے بھی سیلاب کی زد میں ہیں۔ تاہم علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع نہ ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :