سعودی عرب میں آن لائن نکاح رجسٹریشن کا آغاز

ہزاروں نکاح خواں حضرات کو خصوصی تربیت دی جائے گی،سعودی وزارت قانون وانصاف

پیر 8 اگست 2016 12:12

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء)سعودی عرب کی وزارت انصاف وقانون نے پیش آئند چند ہفتوں کے دوران ملک بھرمیں نکاح کی آن لائن رجسٹریشن کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ نکاح کی آن لائن رجسٹریشن سے میاں بیوی کے حقوق کا تحفظ ملے گا،عرب ٹی وی کے مطابق وزارت انصاف و قانون کے سیکرٹری الشیخ عبدالعزیز الناصر نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت نے نکاح کی آن لائن رجسٹریشن کا پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

آنے والے چند دنوں میں ملک بھرمیں عقد نکاح کا آن لائن اندراج شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال مملکت میں مجموعی طورپر ایک لاکھ 70 ہزار نکاح کی رجسٹریشن کی توقع ہے۔الشیخ عبدالعزیز الناصر کا کہنا تھا کہ وزارت انصاف نکاح خوان حضرات کی جدید تقاضوں کے پیش نظر تربیت کا ایک نیا پروگرام بھی شروع کرنے والی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو آن لائن نکاح کی رجسٹریشن اور نکاح خوان حضرات کی رہ نمائی کے لیے عائلی بہبودکے لیے سرگرم ادارے کی معاونت لی جائے گی۔ اس ضمن میں 6533 نکاح خواں حضرات کی ابتدائی طور پر تربیت کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔