جیکولین اب شاہ رخ اور عامر کیساتھ کام کرنے کیلئے پر تولنے لگی

ان دونوں اداکارکے ساتھ کام کرنا سب ہی اداکاراوٴں کی خواہش ہوتی ہے‘اداکارہ

پیر 8 اگست 2016 12:37

جیکولین اب شاہ رخ اور عامر کیساتھ کام کرنے کیلئے پر تولنے لگی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست۔2016ء) بالی ووڈکی شاید ہی کوئی ایسی اداکارہ ہو جسے فلم نگری کے خانز کے ساتھ کام کرنے کی خواہش نہ ہو اورایسی ہی ایک اداکارہ جیکولین فرنانڈس بھی ہیں جو کہ سلمان کے بعد اب شاہ رخ اور عامر کے ساتھ کام کرنے کے لیے پر تولنے لگیں ہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکن نژاد اداکارہ جیکولین فرنانڈس ویسے توکئی برسوں سے بالی ووڈ میں ہیں لیکن انہیں اصل شہرت 2014 میں سلمان خان کے ساتھ “کک” سے ملی اور اب وہ چاہتی ہیں کہ بھارتی فلم نگری میں بادشاہ شاہ رخ خان اورمسٹر پرفیکشنسٹ عامرخان کے ساتھ بھی بڑے پردے پرجلوے بکھیریں۔

ایک انٹرویو کے دوران جب جیکولین فرنانڈس سے شاہ رخ اورعامرکے ساتھ کام کرنے کا پوچھا گیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں اداکارکے ساتھ کام کرنا سب ہی اداکاراوٴں کی خواہش ہوتی ہے، اسی طرح وہ بھی ان کے ساتھ فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں، یہ دونوں فنکارتوبالی ووڈ کے لیجنڈ ہیں، جتنے زیادہ اداکاروں کے ساتھ کام کیا جائے اتنا ہی سیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔