کوئٹہ دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ادارہ ”را“ملوث ہے‘بلوچستان میں امن وامان کی خرابی میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہدموجود ہیں:پاکستان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 اگست 2016 13:57

کوئٹہ دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ادارہ ”را“ملوث ہے‘بلوچستان میں امن ..

اسلام آباد+کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 اگست۔2016ء) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کے پیچھے بھارتی سازش لگتی ہے۔ دہشت گرد اور انکے سہولت کار بچ نہیں پائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قابل افسوس اور پڑوسی ملک بھارت کی سازش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سکول کے بچوں کے بعد وکلا ، صحافیوں اور پولیس کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا دہشت گرد پاکستان میں غیر معمولی صورتحال ظاہر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور حکومتی ادارے ان کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کا کہنا ہے بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی"را" ملوث ہے۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نواب ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” ملوث ہے جس کے شواہد موجود ہیں۔وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پہلے بلال کاسی کو قتل کیا پھر خودکش حملہ آور نے ہسپتال میں خود کو اڑایا۔ ان کا کہنا تھا کسی دین اور مذہب میں جنگ کے دوران بھی ہسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی عوام اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، پہلے بھی عوام کو تحفظ دیا آئندہ بھی دیں گے، اس طرح کی حرکتوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ادھر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کردی ہے اور بتایا ہے کہ دھماکے میں 8سے10کلوبارودی مواد استعمال کیا گیا-

متعلقہ عنوان :