سینکڑوں بے گھر افراد کو کھانا کھلانے والی لاہور کی خاتون

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 اگست 2016 14:05

سینکڑوں بے گھر افراد کو کھانا کھلانے والی لاہور کی خاتون

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اگست 2016ء ):پاکستان میں جہاں معاشرتی برائیاں جنم لینے کے ساتھ ساتھ پروان چڑھ رہی ہیں وہیں کچھ لوگ ایسے ہیں جو بغیر کسی کریڈٹ اور بغیر کوئی معاوضہ وصول کیے نیکی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ ایسی ہی ایک خاتون پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھتی ہیں ۔ رخسانہ اظہار نامی اس خاتون نے اپنی پوری زندگی دوسروں کی مدد کرنے اور دوسروں کی زندگیاں سنوارنے میں صرف کر دی۔

رخسانہ اظہار کراچی میں رہائش پذیر تھیں لیکن شادی کے بعد وہ لاہور میں شفٹ ہو گئیں۔ ان کے خاوند کو ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ہونے کے سبب کام کے سلسلے میں اکثر ہی شہر بدلنا پڑتے تھے۔ رخسانہ نے ہر شہر میں جا کر اپنے شوہر کو سپورٹ کیا لیکن اپنے شہر سے اس قدر دوری نے ان کو ڈپریشن کا شکار کر دیا۔

(جاری ہے)

اپنے ڈپریشن کو سر پر سوار کرنے کی بجائے انہوں نے اپنی تمام تر انرجی کو انسانیت کی خدمت میں صرف کرنے کی ٹھانی۔

اپنے ڈپریشن کو پچھاڑتے ہوئے انہوں نے مقامی علاقوں میں ایسے لوگوں کی تلاش شروع کی جنہیں ان کی مدد کی ضرورت ہو اور یہیں رخسانہ اظہار کے کمیونٹی ریلیف کے نظریے کو ایک شکل ملی۔رخسانہ کے بیٹے نے بتایا کہ میری والدہ یہ کام میری پیدائش سے بھی پہلے سے کر رہی ہیں۔ دس سال قبل انہوں نے فقیروں اور ضرورت مندوں کو اپنے ساتھ کھانا کھانے کے لیے مدعو کیا۔

وہ ہمیشہ مقررہ مقدار سے کچھ زیادہ کھانا بناتی تھیں اور دن بدن دسترخوان پر ٓنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا جو کہ اب 2سو کے قریب پہنچ چکی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر دو سو افراد رخسانہ کے دستر خوان پر آ کر کھانا کھاتے ہیں۔ کھانے کا تمام تر انتظام ان ہی کی زیر نگرانی کیا جاتاہے جبکہ کھانے میں استعمال ہونے والے اجزا کی کوالٹی سے متعلق وہ بذات خود تسلی کرتی ہیں۔

ان کی کاوش محض دسترخوانوں تک ہی محدود نہیں بلکہ رخسانہ اظہر نے ملک بھر میںٹرسٹ اسکولز، خواتین کی امپاورمنٹ کے سینٹرز اورمیڈیکل سینٹرز بھی قائم کیے ہیں۔فی الوقت وہ لاہور میںسمسانی آبادی میں ایک مفت اسکول چلا رہی ہیں۔ اس بلڈنگ میں خواتین کو سلائی کڑھائی کا کام بھی سکھایا جاتا ہے اور کام سیکھ جانے پر انہیں سلائی مشین بھی مہیا کی جا تی ہے۔رخسانہ اظہار ہمدردی سے بھرپور انسان ہیں۔