دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے‘ مسرت چیمہ

پیر 8 اگست 2016 14:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ،ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں سے دہشتگرد بوکھلا گئے ہیں اور اب وہ سکولوں، مساجد اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔ پاکستانی با ہمت قوم ہیں وہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ ان واقعات سے مزید تقویت لے کر دہشتگردی کے خلاف جنگ مزید ہمت اور حوصلے سے لڑی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ نا گزیر ہے ، پاک فوج دہشتگردوں کے خلاف ضرب عضب آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کرے اس کے لئے پوری قوم اپنی فوج کی پشت پر کھڑی ہے ۔