آئی سی سی کے سامنے پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے کیوجہ سے مالی معاملات اٹھائے ہیں ‘ شہر یار خان

پیر 8 اگست 2016 14:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے کیوجہ سے مالی معاملات اٹھائے ہیں ،دہشتگردی پوری دنیا میں ہو رہی ہے لیکن اب پاکستان میں حالات بہت بہتر ہیں، بنگلہ دیش میں ہونے والے واقعہ کے بعد ہو سکتا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنا دورہ منسوخ کر دے ،پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے ایشز سیریز سے زیادہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ،کوشش ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن کے کچھ میچز پاکستان میں بھی ہو جائیں ۔

ایک انٹر ویو میں شہر یار خان نے کہا کہ کرکٹ میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے ، ہم انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں جیتے لیکن اسکے بعد ہار گئے ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی جذبے کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔ بوٹ کیمپ میں کھلاڑیوں کو صرف فزیکل فٹنس کی نہیں بلکہ ہر طرح کی تربیت دی گئی ہے ۔ انہیں سپورٹس مین سپرٹ کے حوالے سے بھی لیکچر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انضمام الحق کی کرکٹ میں تجربے اور مہارت کی وجہ سے ٹیم کی سلیکشن بہت اچھی ہوئی ہے ، ٹیم کا آپس کا ماحول بہت اچھا ہو گیاہے اور انضما م الحق کی قیادت میں ٹیم متحد ہے ۔

مدثر نذر کی ہمارے ساتھ شمولیت سے بھی کرکٹ کے معاملات میں بہتری آئے گی ۔ وہ آئی سی سی میں بھاری معاوضے پر چیف کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے لیکن انہوں نے پاکستان کے لئے قربانی دی ہے اور ہم انہیں اس سے کہیں کم معاوضہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ کی بحالی میں حکومت پاکستان کی جانب سے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں بلکہ بھارتی حکومت کی جانب سے رکاوٹ ہے ۔

حالانکہ پاک بھارت کرکٹ مقابلوں کو پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے اور یہ ایشز سیریز سے زیاد ہ اہمیت رکھتی ہے ۔میرا خیا ل ہے کہ سیاست اور کرکٹ کو آپس میں نہیں ملانا چاہیے ۔ انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس کی کوششیں جاری ہیں ،دہشتگردی دنیا بھر میں ہو رہی ہے ،لیکن سکیورٹی اداروں کے مطابق ہما رے ہاں اب حالات بہت بہتر ہیں لیکن پھر بھی ابھی تھوڑا انتظارکرنا پڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ آئندہ سیزن میں پاکستان سپر لیگ کے کچھ میچز پاکستان میں بھی ہوں تاکہ پتہ چل سکے کہ غیر ملکی ٹیموں کے کھلاڑی پاکستان میں آکر کھیل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں تسلیم کرتا ہو ں کہ ہماری ریجنل کرکٹ کمزور ہے اس کو بہتر کرنا بہت ضروری ہے اور مدثر نذر کے ہوتے ہوئے مجھے پوری امید ہے کہ یہ بہتر ہوجائے گی ، مدثر نذر کا پاکستان آنا کرکٹ کیلئے بہت فائدہ مند ہے ۔ جلد ہی مدثر نذر سے اس حوالے سے میٹنگ کروں گا۔

متعلقہ عنوان :