حلب میں باغیوں پر شامی اورروسی لڑاکا طیاروں کے فضائی حملے،شدید بمباری

پیر 8 اگست 2016 14:38

حلب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء)شام کے شہر حلب میں صدر بشار الاسد کی فوجوں کی جانب سے شدید بمباری کی گئی ،اس سے قبل حکومت مخالف باغیوں نے حلب کا محاصرہ توڑنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم شامی حکومت اس کی تردید کرتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شامی حکومت کی جانب سے ایک ویڈیو ریلیز کی گئی ہے جس میں بظاہر شہر کے جنوب مغربی علاقوں میں فضائی بمباری کی جارہی ہے۔

فضائی بمباری میں حلب میں باغیوں کے زیرانتظام علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ،شامی حکومت کا کہنا تھا کہ ان کا حصار بدستور قائم ہے اور یہ کہ باغیوں کو کوئی اہم کامیابی نہیں ملی ہے۔بہر حال ایسا نظر آ رہا ہے کہ حکومت باغیوں کو مزید کچھ حاصل کرنے سے باز رکھنے کے لیے مزید فوج تعینات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی افواج نے جولائی میں باغیوں کے زیر قبضہ حلب کو منقطع کر دیا تھا۔

حلب کبھی شام کا کاروباری دارالحکومت تھا اور اسے اپنی فن تعمیر اور آثار قدیم پر ناز تھا۔لیکن پانچ سال سے جاری جنگ میں اس کی بیشتر چیزیں تباہ و برباد ہو چکی ہیں یا لوٹ لی گئی ہیں۔حزب اختلاف کے سرگرم کارکنوں کا کہنا تھا حلب کے علاقے راموسہ میں ہونے والے فضائی حملوں میں روسی جنگی طیاروں نے بھی شرکت کی ۔دریں اثنا باغی اتحاد نے کہا کہ وہ جنگجووٴں کی تعداد دوگنی کر دیں گے اور نئے حملے کرکے سارے شہر کو واپس حاصل کر لیں گے۔ اتحاد نے کہا کہ جب تک کہ ہم حلب کے قلعے پر اپنی فتح کا پرچم نہیں لہرا دیتے اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔