یمن کے صوبہ لحج میں خودکش حملہ، 10 فوجی جاں بحق

پیر 8 اگست 2016 14:38

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء) یمن کے صوبے لحج کی گورنری یافع میں سرکاری فوج کی عسکری کْمک کو خودکش کار بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دس فوجی جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔ یمنی فوج علاقے میں القاعدہ اور داعش کے عناصر کا تعاقب سرانجام دے رہی تھی۔دوسری جانب عوامی مزاحمت کاروں اور یمنی فوج نے مختلف محاذوں پر حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاوٴں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حرض کے محاذ پر سرکاری فوج کے حملے اور اتحادی طیاروں کی فضائی بمباری کے بعد شدید ترین لڑائی دیکھنے میں آئی۔ کارروائی میں باغیوں کی دفاعی لائن اور عسکری کْمک کو نشانہ بنایا گیا۔باغیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کے نتیجے میں ان کی کئی فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

(جاری ہے)

یمنی فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ وادی عبداللہ کے علاوہ دو گورنریوں حرض اور میدی کے دیگر علاقوں میں ملیشیاوٴں کے جمع ہونے کے مراکز اور ہتھیاروں کے ڈپووٴں پر شدید بمباری کی گئی۔

فضائی معاونت کی براہ راست کارروائی میں عرب اتحادی طیاروں نے حرض شہر کے وسط کے علاوہ شمالی اور مشرقی محاذوں پر ملیشیاوٴں کے ٹھکانوں پر بیس سے زیادہ حملے کیے۔اس کے مقابل یمنی سرکاری فوج کو میدی اور عبس گورنری کی جانب پیش قدمی میں بارودی سرنگوں کے نتیجے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بارودی سرنگیں حوثیوں نے وسیع میدانی علاقوں میں بچھائی تھیں جن میں زرعی اراضی بھی شامل ہے