پولیس میں ایس پی اوز کی بھرتی اخوان کو نئے سرے سے منظم کرنے کی کوشش ہے ، سید علی گیلانی

پیر 8 اگست 2016 16:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 اگست۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ”گ “ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حکومت کی طرف سے ہزاروں کی تعداد میں ایس پی اوز بھرتی کرنے کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل صرف اور صرف تحریک آزادی کو اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں مٹانے کی ایک اور سامراجی چال ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے انکشاف کیا یہ کوشش دراصل اخوان کو نئے سرے سے کشمیر میں منظم کرنا ہے جس نے کئی دہائیوں سے کشمیر میں انسانیت سوز اور حیوانیت کا خونی کھیل کھیلا ہے اب بھارتی حکمران جوانوں کو ایس پی او کے نام پر روزگار فراہم کرنے کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں حالانکہ بھارتی حکومت اور ان کے مقامی وظیفہ خواروں کو یہاں کے عوام کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ہے وہ صرف اور صرف اپنا ناجائز قبضہ مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے مقامی بیساکھیوں کا سہارا لینا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جو اس وقت تشدد بربریت اور سفاکیت کا مظاہرہ ہو رہا ہے اس کا مرکزی کردار یہاں کی مقامی پولیس ادا کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے بھارتی حکمران اس مقامی فورس کو اور زیادہ وسعت دے کر کشمیریوں کا خون بہانے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں ۔