پامانا لیکس نے عالمی اشرافیہ کو جنم دیا جس میں ہمارے حکمران بھی شامل ہیں۔میاں محمد اسلم

پیر 8 اگست 2016 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 اگست۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ہم صرف وزیر اعظم کے احتساب کی بات نہیں کرتے بلکہ ہر اس فرد کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں جس نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے ،لٹیروں کا تعلق حکومت سے ہو اپوزیشن ،عدلیہ ،انتظامیہ سمیت کسی بھی ادارے سے ہو اس کا بلا امتیاز احتساب ضروری ہے،پامانا لیکس نے عالمی اشرافیہ کو جنم دیا ہے جس میں ہمارے حکمران بھی شامل ہیں ۔

معاشی دہشت گردی مسلح دہشت گردی کی ماں ہے جس میں بظاہر خون تو نہیں بہتا مگر قوموں کا وجود ختم ہوجاتا ہے ۔مسلح دہشت گردخون بہاتے ہیں جس سے انسانوں کا قتل عام ہوتا ہے جبکہ معاشی دہشت گردی سے انسانیت مرجاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی سیون میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس مو قع پر عالم زیب خان ، مو لانا ایوب علوی نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا کہ حکمران دولت کے لالچ میں انسانیت کو بھول گئے ہیں ،یہ عزت کے نہیں دولت کے بھوکے اور کثرت کی ہوس میں مبتلا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں پر جس دن ٹیکس چھپانے اور دولت کی بیرون ملک منتقلی کا الزام لگا تھا انہیں اسی دن مستعفی ہوکر خود کو عوام کی عدالت میں پیش کردینا چاہئے تھا مگر اقتدار کے لالچ نے ان سے عزت کا یہ موقع بھی چھین لیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام بددیانت اور حریص لوگوں کو گردنوں پر سوار کرنے کی بجائے دیانت دار قیادت کا انتخاب کریں تو عالمی برادری میں ملک کا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے

متعلقہ عنوان :