ریو ڈی جنیرو میں اولمپکس کا عالمی میلہ جاری

پیر 8 اگست 2016 16:50

ریو ڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 اگست۔2016ء) برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں اولمپکس کا عالمی میلہ جاری ہے، 5 اگست سے شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں اب تک امریکا 12 تمغوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ چین 8 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 6 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اولمپکس مقابلوں میں امریکی ایتھلیٹس ہر میدان میں چھائے ہوئے ہیں، امریکی کھلاڑیوں کی جانب سے 3 طلائی، 5 چاندی اور 4 کانسی کے تمغے جیتے جاچکے ہیں۔

چین کے کھلاڑیوں نے بھی تین سونے کے تمغے، 2 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے حاصل کیے جبکہ آسٹریلیا کے ایتھلیٹس نے تین سونے اور تین کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔میگا ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے صرف 7 ایتھلیٹس شریک ہیں جو شوٹنگ اور تیراکی کے علاوہ جوڈو اور ایتھلٹیکس کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

ان میں سے پاکستانی تیراک حارث بانڈے پہلے ہی روز مینز 400 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ ایونٹ میں 49 تیراکوں میں آخری نمبر پر آکر ایونٹ سے باہر ہوگئے، انہوں نے مقررہ فاصلہ 4 منٹ اور 33 سیکنڈز میں طے کیا۔

اس کے علاوہ منہل سہیل بھی ریواولمپک کے 10 میٹر رائفل شوٹنگ کے مرکزی مرحلے تک رسائی میں ناکام ہو کر مقابلوں کے پہلے روز ہی اولمپک سے باہر ہوگئی تھیں۔پاکستان کے شاہ حسین شاہ 11 اگست کو مینز جوڈو 100 کلو گرام کی کیٹیگری میں ایکشن میں دکھائی دیں گے اور ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔12 اگست کو پاکستانی شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر مینز 25 میٹر ریپڈ فائر کیٹیگری میں حصہ لیں گے جبکہ اسی روز پاکستان کی خاتون تیراک لیانا سوان 50 میٹر ویمنز فری اسٹائل سوئمنگ کی ہیٹ 5 میں حصہ لیں گی۔واضح رہے کہ اولمپکس مقابلے 21 اگست تک جاری رہیں گے اور پاکستان کی ہاکی ٹیم بھی تاریخ میں پہلی بار اولمپکس مقابلوں کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی ہے۔

متعلقہ عنوان :