معاشرے سے غیر شرعی سود ی کاروبار کے خاتمے کیلئے سود خوروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی، اسد قیصر

زمینداروں کی فلاح و بہبود اور صوبے کو اجناس میں خود کفیل بنانے کے لئے عملی انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں، سپیکر کے پی کے اسمبلی

پیر 8 اگست 2016 17:33

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء)صوبہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے صوبے میں زرعی اراضی کے تحفظ کے لئے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کا اعلان کر تے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ معاشرے سے غیر شرعی سود ی کاروبار کے خاتمے کے لئے سود خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ زمینداروں کے فلاح و بہبود اور صوبے کو اجناس میں خود کفیل بنانے کے لئے عملی انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز موضع مرغز ضلع صوابی میں خصوصی پیکیج برائے متاثرین غازی بھروتہ پراجیکٹ اونچی چھت والی ٹنل برائے سبزیات کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ معاشرے میں بڑھنے والے سودی کاروبار کی شدید انداز میں مذمت کر تے ہوئے کہا کہ معاشرے میں غیر شرعی سودی کاروبار کرنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں اور جلد از جلد خود کو اور قرض دار وں کو اس قبیح کاروبار سے چھٹکارا دلا دیں ایسا نہ ہو کہ سودی کاروبار کے باعث کہیں ہم پر اﷲ کا غذاب نہ نازل ہو جائے انہوں نے کہا کہ اﷲ کی رضا کی خاطر سودی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

جس کے تحت ان کی گرفتاری بھی متوقع ہے انہوں نے کہا کہ زمیندار قوم کو اناج مہیا کر تے ہیں جو انسان کی اولین بنیادی ضرورت ہے لہٰذا میری بھر پور کوشش ہو گی کہ معاشرے کے ان اہم افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے انہوں نے کہا کہ خصوصی پیکیج کے چالیس کروڑ روپے میں سے تیس کروڑ روپے زمینداروں کو مختلف قسم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے مختص کر دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ کچے واٹر چینلز کو پختہ کر نے کے لئے سات کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں اسی طرح علاقہ میں زراعت اور ایریگیشن کے محکموں کے تحت سولر ٹیوب ویل نصب کئے جارہے ہیں جس کے باعث علاقہ میں پانی کی کمی کی شکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے ان اقدامات کے باعث زرعی اراضی کا بڑا حصہ سیراب ہو جائیگا جس سے کسان اور زمیندار خوشحال اور آسودہ حال ہو جائیگا سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بے ہنگم تعمیرات کی روک تھام کرنے کی عرض سے زرعی راضی کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور جلد ہی اس ضمن میں صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غازی بھروتہ پراجیکٹ کے باعث صوابی کے عوام کو پانی کی کمی کا شکار کر کے محرومیت کی طرف دھکیلا گیا میری بھر پور کوشش ہو گی کہ اس محرومیت کے محرکات کا پتہ چلاؤں اور ایسے عناصر کے خلاف عوامی آواز اُٹھائی جا سکے اس سلسلے میں ایم این اے عاقب اﷲ خان قومی اسمبلی میں بھی آواز اُٹھائیں گے۔