بارش کے بعد انفرااسٹرکچر کی تباہ حالی سے صنعتیں شدید متاثر ہورہی ہیں، زاہد سعید

اربوں روپے کے برآمداتی آرڈر متاثر ہورہے ہیں، عملہ وقت پر نہیں پہنچ پارہا، وزیر اعلیٰ نوٹس لیں، صدر کاٹی کا مطالبہ

پیر 8 اگست 2016 17:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 اگست ۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ گذشتہ دنوں ہونے والی بارش کے بعد سڑکوں کی تباہ حالی اور بجلی کی فراہمی میں تعطل سے صنعتیں شدید متاثر ہوئی ہیں، صنعتی علاقوں میں برسات کے بعد انفرااسٹرکچر کی بد حالی کے باعث برآمدات کے آرڈر متاثر ہونے کا خدشہ ہے انھوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں روزانہ 15لاکھ افراد روزگار کے لیے آتے ہیں جبکہ صنعتی علاقے کی جانب آنے والے راستوں پربارش کا پانی کھڑا ہونے اور ملحقہ سڑکوں کی تباہی کی وجہ سے فیکٹریوں کے عملے اور مال بردار گاڑیوں کو آمد ورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

زاہد سعید کا کہنا تھا کہ کورنگی کازوے کی بندش کے باعث کورنگی صنعتی علاقے کی جانب آنے والے راستوں پر شدید ٹریفک جام کی وجہ سے نہ تو عملہ وقت پر کام کے لیے پہنچ پارہا ہے اور ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو بھی شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انھوں نے کہا کہ ملیر ندی میں ہونے والی ڈمپنگ سے کورنگی صنعتی علاقے کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کرتے رہے ہیں، اس علاقے میں کچرے اور ملبے کی ڈمپنگ کے باعث کازوے متاثر ہوتا ہے جب کہ شدید بارش کی صورت میں کورنگی صنعتی علاقے سمیت ملحقہ آبادیوں کے زیر آب آنے کا خطرہ بھی، اس حوالے سے حکام کو آگاہ کرتے رہے ہیں لیکن ہونے والی ڈمپنگ کو ہٹانے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیے گئے۔

(جاری ہے)

صدر کورنگی ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے اپیل کی کہ کورنگی صنعتی علاقے میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کو فوری نوٹس لیا جائے اور ساتھ ہی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :