ایران میں ‘پوکے مون گو‘ کھیلنے پر پابندی عائد

ایران پہلا ملک ہے جہاں ویڈیو گیم ’پوکے مون گو‘ پر پابندی عائد کی گئی

پیر 8 اگست 2016 18:04

تہران( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء ) ایران نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک میں ویڈیو گیم ’پوکے مون گو‘ کھیلنے پر پابندی عائد کردی۔برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران میں آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے والے ادارے ورچوئل اسپیس کی ہائی کونسل کی جانب سے ویڈیو گیم ’پوکے مون گو‘ پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایران اْن ممالک میں سے ایک ہے جو گیمز ایپلیکیشنز کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتا رہتا ہے، تاہم یہ وہ پہلا ملک ہے، جہاں ویڈیو گیم ’پوکے مون گو‘ پر پابندی عائد کی گئی۔’پوکے مون گو‘ میں صارفین کو دنیا کے حقیقی مقامات پر مونسٹرز (بلاوٴں) کو تلاش کرنا ہوتا ہے۔تاہم ’پوکے مون گو‘ پابندی کے باوجود رواں ہفتے ایران کے سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ موضوع بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام یہ توقع کررہے تھے کہ ایپلی کیشن متعارف کرنے والے ویڈیو گیم میں کچھ تبدیلیاں کرنے کے حوالے سے ان کے ساتھ معاونت کریں گے، تاہم ایسا نہ ہوسکا۔دریں اثنا انڈونیشیا میں ڈیوٹی کے دوران پولیس افسران پر ویڈیو گیم کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ گزشتہ ماہ ایک فرانسیسی شہری کو فوجی بیس میں 'پوکے مون' کو پکڑنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے قبل ایک سعودی عالم پوکے مون گیم کھیلنے کے خلاف فتویٰ بھی جاری کرچکے ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :