حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں ، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، اپنی کشمیری بہنوں بھائیوں کے ساتھ مل کر عالمی برادری کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے

وزیر مملکت و چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ ماروی میمن کا مستحق خواتین کے اجتماع سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 18:06

مظفرآبادُ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) وزیر مملکت و چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ ماروی میمن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں ، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، اپنی کشمیری بہنوں بھائیوں کے ساتھ مل کر عالمی برادری کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہورہا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذریعے 80 سے زاہد نہتے کشمیریوں کے قتل عام ،دو ہزار کے لگ بھگ زخمیوں سمیت 100مرد خواتین ،بچوں کو قوت بینائی سے محروم کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عصر حاضرکا سب سے زیادہ جارحیت پسند عالمی دہشت گرد اور بنیاد پرست ملک ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو مظفرآباد میں بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انصاف اور جنگی جرائم کی عالمی عدالتوں میں بھارت کے خلاف مقدمات درج کروا کر اسے انصاف کے کٹہرے میں لانا عالمی امن کے لئے ضروری ہے اور بھارت نے ہمیشہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر اور سکیولرازم کوڈھال بناتے ہوئے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اس وقت بھی بھارت میں درجنوں علیحدگی کی تحریکیں اپنی جارحانہ پالیسوں کی بناء پر پروان چڑھ رہی ہیں جبکہ تحریک آزادی کشمیر خالصتاََ خود دار پودوں کی طرح اگنے والی مکمل اندرونی جمہوری تحریک ہے دنیا کو آزادی اور علیحدگی کی تحریکوں میں اب واضح طور پر تفریق کرنی ہوگی وگرنہ عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہونگے ۔

بعد ازاں چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے بی آئی ایس پی مظفرآباد دویژن کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آپ تیاری کریں عنقریب بھارتی مظالم کے خلاف ایک ریلی کی صورت میں یوم سیاہ منائیں گے اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائیں گے اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی راجہ کلیم اﷲ خان بھی موجود تھے ۔