کوئٹہ میں درندگی کے بدترین مظاہرہ سے ہردردمنداور محب وطن پاکستانی تڑپ اٹھا ہے،ریلوے ایمپلائز پریم یونین

پیر 8 اگست 2016 18:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ اورمرکزی سنیئر نائب صدر شیخ محمد انورنے کوئٹہ میں خود کش حملہ کے نتیجہ میں پچاس سے زائد بے گناہ شہریوں، بلال انور کانسی (صدر ہائیکورٹ بار)، شہزاد بھٹی (کیمرہ مین آج ٹی وی)، باز محمد کاکڑ (سابق صدر ہائیکورٹ بار)اور وکلاء کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درندگی کے بدترین مظاہرہ سے ہردردمنداور محب وطن پاکستانی تڑپ اٹھا ہے۔

دشمنوں سے سی پیک منصوبہ کی کامیابی برداشت نہیں ہورہی۔ بلوچستان میں دہشتگردی ملک میں امن و امان کو تباہ کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی امن و امان قائم ہوتا ہے تو شرپسند عناصر امن کو تباہ کرنے کیلئے طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سارا پاکستان سوگ میں ڈوب گیاہے۔ ملک میں تخریبی کاروائیاں ہماری قومی یکجہتی کو ختم کرکے گلی محلوں میں فسادبرپاکرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

پریم یونین کے راہنماؤں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان کے حالات پر ہر محب وطن کا دل خون کے آنسو رو رہاہے ،حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کرے۔ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کے فرائض میں شامل ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ وی آئی پیز کے ساتھ ساتھ غریب عوام کے تحفظ کو بھی سو فیصد یقینی بنائے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم وکلاء برادری کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی بھرپور مزاحمت کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ وکلاء برادری سول سوسائٹی کو فوری طور پر سکیورٹی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :