حکومت پاکستان اور عوام کشمیری بھائیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں ،ماروی میمن

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، مظفر آباد میں اجتماع سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 18:48

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت و چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ ماروی میمن نے مظفرآباد میں بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اپنی کشمیری بہنوں بھائیوں کے ساتھ مل کر عالمی برادری کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہورہا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذریعے 80 سے زاہد نہتے کشمیریوں کے قتل عام ،دو ہزار کے لگ بھگ زخمیوں سمیت 100مرد خواتین ،بچوں کو قوت بینائی سے محروم کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عصر حاضرکا سب سے زیادہ جارحیت پسند عالمی دہشت گرد اور بنیاد پرست ملک ہے انصاف اور جنگی جرائم کی عالمی عدالتوں میں بھارت کے خلاف مقدمات درج کروا کر اسے انصاف کے کہٹرے میں لانا عالمی امن کے لئے ضروری ہے اور بھارت نے ہمیشہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر اور سکیولرازم کوڈھال بناتے ہوئے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

اس وقت بھی بھارت میں درجنوں علیحدگی کی تحریکیں اپنی جارحانہ پالیسوں کی بناء پر پروان چڑھ رہی ہیں جبکہ تحریک آزادی کشمیر خالصتاً خود دار پودوں کی طرح اگنے والی مکمل اندرونی جمہوری تحریک ہے دنیا کو آزادی اور علیحدگی کی تحریکوں میں اب واضح طور پر تفریق کرنا ہوگی وگرنہ عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہونگے ۔بعد ازاں چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے بی آئی ایس پی مظفرآباد ڈویژن کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آپ تیاری کریں عنقریب بھارتی مظالم کے خلاف ایک ریلی کی صورت میں یوم سیاہ منائیں گے اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائیں گے اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی راجہ کلیم اﷲ خان بھی موجود تھے ۔