کوئٹہ بم دھماکہ پاکستان دشمن ممالک کی ایجنسیوں کا شاخسانہ ہے ،سید قائم علی شاہ

کوئٹہ میں سول اسپتال میں وکلا برادری کو ٹارگٹ کرنے کا عمل کوئی معمولی بات نہیں ہے،سابق وزیراعلیٰ سندھ

پیر 8 اگست 2016 18:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رکن، سینئر سیاستدان اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جیلانی نے کوئٹہ میں دل لرزہ دینے والی دہشت گرد کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان دشمن ممالک کی ایجنسیوں کا شاخسانہ قرار دیا ہے اور دہشت گردوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ تو مسلمان کہلانے کے مستحق ہیں اور نہ ہی انسان بلکہ وہ درنگی اور سفاکیت کی ایسی مکرہ شکل ہیں جسے کوئی بھی اس زمین پر نہیں دیکھنا چاہتا۔

کوئٹہ میں سول اسپتال میں وکلا برادری کو ٹارگٹ کرنے کا عمل کوئی معمولی بات نہیں ہے کیونکہ وکلا برادری نہ صرف انصاف کی بالادستی بلکہ انسان دوستی، جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی ہر تحریک میں سب سے آگے رہی ہے۔

(جاری ہے)

وکلا برادری کو خصوصیت کے ساتھ ٹارگٹ کرنے کے پیچھے دہشت گردوں کے سرپرستوں اور منصوبہ سازوں کے کیا مقاصد ہیں اسے بے نقاب کرنے کیلئے معاشرے کے ہر طبقہ بالخصوص سیاستدانوں، سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں کو بڑی مہارت سے قوم کے سامنے لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ دہشت گردی کے واقعہ کو جسٹس سجاد علی شاہ کے فرزند کے اغوا سے ملا کر دیکھنے کی بھی ضرورت ہے کیونکہ ان کے اغوا کا بظاہر مقصد یہی سامنے آیا تھا کہ دہشت گرد عدلیہ کو اپنی مرضی کے فیصلے سنانے پر مجبور کرنا چاہتے تھے اور اب وکلا برادری کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس ہولناک واقعہ نے پوری قوم کو ایک مرتبہ پھر اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے لیکن بطور ایک سیاستدان وہ سمجھتے ہیں کہ دہشت گرد اس بار بھی ناکام رہے ہیں کیونکہ نہ صرف وکلا برادری کے حوصلے بلند ہیں بلکہ سول سوسائٹی بھی وکلا کے ساتھ متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں کوئٹہ واقع میں جاں بحق ہونے والے اور زخمی ہونے والے ایک ایک شخص سے دلی ہمدردی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن کی حیثیت سے وہ ان دکھی خاندان کے جذبات بخوبی سمجھ سکتے ہیں ۔ آخر میں انہوں نے مقامی چینلز کے دو کیمرہ مینوں کی شہادت پربھی افسوس کااظہار کیااور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ تمام مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔