جماعۃ الدعوۃ کراچی کی جانب سے اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں کو مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ظہرانہ دیا گیا

پیر 8 اگست 2016 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) جماعۃ الدعوۃ کراچی کی جانب سے اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں کو مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ظہرانہ دیا گیا۔ جس میں مولانا رب نواز حنفی، مولانا تاج حنفی، مولانا خالد سمیت اہلسنت والجماعت کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، حافظ محمد امجد و دیگر بھی موجود تھے۔

ظہرانے کے موقع پر دفاع پاکستان کونسل کے 14 اگست کو کراچی میں ہونے والے کشمیر کارواں پر مشاورت کی گئی۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کے باوجود عالمی ضمیر نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ کشمیری اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکہ را کی کارستانی ہے۔ بھارت جدوجہد آزادی کشمیر سے دنیا کی نظریں ہٹانا چاہتا ہے، لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہے۔ دشمن قوتیں پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں پر پے در پے وار کر رہی ہیں۔ ان حالات میں دفاع پاکستان کونسل کا کردار خوش آئند ہے۔

ملک گیر سطح پر جاری تحریک کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ مولانا رب نواز حنفی نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں دفاع پاکستان کونسل کا 14 اگست کو ہونے والا بڑا جلسہ عام بھی کامیاب رہے گا۔ اہالیان کراچی ثابت کردیں گے کہ وہ انڈیا کی ریاستی دہشت گردی اور امریکا و بھارت کا گٹھ جوڑ کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور ملک کے جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لیے دفاع پاکستان کونسل کی تحریک جاری رہے گی۔