چیئرمین سینیٹ کی بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کے قتل کی شدید مذمت

پیر 8 اگست 2016 19:30

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کو عدالت جاتے ہوئے فائرنگ کرکے شہید کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ پیر کو جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ حرکات سے عوام میں خوف پید اکرکے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ فوج، سویلین اداروں اور عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں جانی و مالی قربانیاں پیش کی ہیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے قوم یکجا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کر نے کیلئے مل جل کرکوششیں کرنا ہوں گی۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بلال انور کاسی کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور گہرے دکھ و غم کا اظہار بھی کیا۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی وڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکہ میں”آج اور ڈان“ ٹی وی کے کیمرہ مینوں شہزاد خان اور محمود خان کے جاں بحق ہونے پر بھی شدید دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے صبر جمیل کی دعا بھی کی اور زخمی ہونے والے دیگر صحافیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :