دہشت گرد بزدلانہ حرکات سے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ، فوج ، سویلین اداروں اور عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں جانی و مالی قربانیاں پیش کی ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم یکجا ہے

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا کوئٹہ بم دھماکے پر مذمتی بیان

پیر 8 اگست 2016 19:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کے قتل اور کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ حرکات سے عوام میں خوف پید اکر کے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ، فوج ، سویلین اداروں اور عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں جانی و مالی قربانیاں پیش کی ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم یکجا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کر نے کیلئے مل جل کرکوششیں کرنا ہونگی۔چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے بلال انورکاسی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے دکھ و غم کا اظہار بھی کیا۔چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی وڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکے میں’’آج اور ڈان ‘‘ٹی وی کے کیمرہ مینوں شہزاد خان اور محمود خان کے جاں بحق ہونے پر بھی شدید دکھ وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔اورزخمی ہونے والے دیگرصحافیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔